حکومت پہلی فرصت میں بارش متاثرین کی دادرسی کیلئے اقدامات اٹھائے، امیر حیدر خان ہوتی

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی اور جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے سوات بونیر اور تیراہ میں حالیہ بارشوں ، طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بچوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونیوالے افراد کیلئے مغفرت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ، اپنے ایک تعزیتی بیان میں امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ قدرتی آفات اللہ تعالی کی جانب سے انسان کیلئے آزمائش ہیں ،اور آزمائش کی گھڑی میں سب کو ثابت قدم رہنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ، انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ذاتی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کی داد رسی کیلئے سب کو میدان میں آنا چاہئے اور حکومت کو چاہئے کہ وہ متاثرین کی مالی امداد یقینی بنائے ،انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دوسری چیز انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی تاہم انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی فوری طور پر مالی امداد کی جائے ،اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں ، انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی امداد کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں ، ،سردار حسین بابک نے صوبائی حکومت سے نقصانات کا فوری طور پر جائزہ لینے ، تخمینہ لگانے اور متاثرین کے ساتھ فوری امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو حالیہ بارشوں کی وجہ سے ممکنہ سیلاب کی صورتحال کیلئے الرٹ رہنا چاہئے اور تمام تر توجہ ممکنہ حادثات سے نمٹنے پر مرکوز رکھنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی متاثرین کے دکھ اور تکلیف میں برابر کی شریک ہے اور پارٹی کسی طور متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی،انہوں نے کہا کہ مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔