نگران حکومت انتخابات میں فریق بننے سے گریز کرے ، سردار حسین بابک

مختلف حلقوں میں سابق حکومت کے نمائندے اترقیاتی کام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی ہونے والی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔

انتخابات متنازعہ ہوئے تو یہ ملک کیلئے تباہ کن ثابت ہونگے۔

میٹرک کے حالیہ نتائج سابق حکومت کی اہلیت کی عکاسی کر رہے ہیں۔

تعلیمی نصاب کو جدید دور کے مطابق بنانے کیلئے کام کا آغاز کریں گے ۔

ہنر مندوں کو انتہائی آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے۔پی کے22بونیر میں انتخابی جلسوں سے خطاب

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ صوبے کے کسانوں کو زرعی آلات کی فراہمی اور آسان شرائط پر کھیتی باڑی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ، اقتدار میں آنے کے بعد تعمیر و ترقی کے کاموں میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور اے این پی عوامی مفاد کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے22بونیر میں اپنی انتخابی مہم کے دوران مختلف یوسیز میں شمولیتی تقریبات اور انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر درجنوں افراد نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا، سردار حسین بابک نے شامل ہونے والوں کو سرخ ٹوپیاں پہنائیں اور باچا خان بابا کے قافلے میں شامل ہونے پر انہین مبارکباد پیش کی ، انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے گھر جانے کے بعد تمام رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں اور عوام کی کثیر تعداد اے این پی میں شامل ہو رہی ہے جو پارٹی پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے ، انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی پالیسیاں درست نہیں اور بادی النظر میں وہ کسی مخصوص جماعت کو سپورٹ کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ نگران حکومت انتخابات میں غیر جانبدار رہے اور الیکشن کمیشن اپنے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیون کا نوتس لے، انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی مختلف حلقوں میں سابق حکومت کے نمائندے اور دیگر افراد عوام کو ورغلانے کیلئے ترقیاتی کام جاری رکھے ہوئے ہیں جس کا آنے والے الیکشن پر منفی اثر پڑ سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ نگران حکومت شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور ان انتخابات میں فریق بننے سے گریز کرے ، سردار حسین بابک نے کہا کہ الیکشن متنازعہ ہوئے تو یہ ملک کیلئے تباہ کن ثابت ہونگے ، انہوں نے حالیہ میٹرک کے نتائج پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سابق حکومت کی تعلیمی ایمرجنسی کا نتیجہ قوم کے سامنے ہے ،سرکاری سکولوں کے 52ہزار سے زائد طلبا کا فیل ہونا حکومت کی اہلیت کی عکاسی کر رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنے گزشتہ دور میں جو اصلاحات کیں وہ صوبے کی تاریخ کا روشن باب ہے اور دوبارہ حکومت میں آ کرتمام شعبوں میں اصلاحات اور مفاد عامہ کے مطابق تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے خصوصاً تعلیمی نصاب کو حقیقی معنوں میں تاریخی، سماجی،معاشرتی، سائنسی اور جدید دور کے مطابق بنانے کیلئے پوری تیاری ، سنجیدگی اور مشاورت سے کام کا آغاز کریں گے ، سردار حسین بابک نے کہا کہ نوجوان نسل کی بہتر تربیت اور پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے کھیل کود کے مواقع پیدا کئے جائیں گے ، صوبے کے تجارت پیشہ افراد اور ہنر مندوں کو انتہائی آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے۔