الیکشن کی فضا مکدر کرنے کی کوششیں ملک کے مفاد میں نہیں، میاں افتخار حسین
اقتدار میں آ کر غریب اور محرومیوں کا شکار عوام کی حالت زار پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
تحریک انصاف نے عوامی رائے پر اثر انداز ہونے کیلئے جعلی اور من گھڑت سرویز کا سہارا لے رکھا ہے۔

سیاسی موت مرنے والی جماعت کوجعلی رپورٹس کے ذریعے زندہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
الیکشن کمیشن حلقوں میں ضابطہ اخلاق کی ہونے والی خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لے۔
اے این پی نے ہمیشہ اپنے انتخابی منشور پر من و عن عمل درآمد کیا۔پی کے65میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری نے کہا ہے کہ الیکشن سبوتاژ کرنے کی کوششیں ملک کے مفاد میں نہیں ،نگران حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کیلئے کوشش کرے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے65میں مختلف مقامات پر جرگوں ،شمولیتی تقاریب اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، پی کے65میں شمولیتیوں کا سلسلہ جاری رہا اور گزشتہ روز بھی مختلف سیاسی جماعتوں سے کئی افراد اے این پی کے قافلے کا حصہ بنے ، میاں افتخار حسین نے تمام شامل ہونے والوں کو مبارکباد پیش کی ، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کامیابی اے این پی کا مقدر ہے اور اقتدار میں آ کر غریب اور محرومیوں کا شکار عوام کی حالت زار پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران عوام آدمی کی زندگی پر پڑنے والے منفی اثرات کا ازالہ کیا جا سکے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی کا منشور عوام کی امنگوں کے عین مطابق ہے اور اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ اپنے انتخابی منشور پر من و عن عمل درآمد کیا ، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقوں میں ضابطہ اخلاق کی ہونے والی خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لے جبکہ نگران حکومت غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شفاف انتخابات کیلئے اپنا کردار ادا کرے ، میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے عوامی رائے پر اثر انداز ہونے کیلئے جعلی اور من گھڑت سرویز کا سہارا لے رکھا ہے اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی اپنی سیاسی موت مر چکی ہے جسے سوشل میڈیا اور نام نہاد سرویز کے ذریعے زندہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ اس قسم کے ہتھکنڈے الیکشن کی فضا سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے ، انہوں نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد پی کے65میں اے این پی میں شمولیت اختیار کر رہی ہے اور آئندہ انتخابات میں سیاسی مخالفین کو اپنے قد کاٹھ کا اندازہ ہوجائے گا۔ میاں افتخار حسین نے کارکنوں پر زور دیا کہ اپنی کوششیں اور بھرپور توانائیاں صرف کریں اور الیکشن میں کامیابی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔