اسفندیار ولی خان کی بنوں اور مستونگ میں بم دھماکوں کی مذمت 

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے بنوں میں اکرم درانی کے قافلے اور مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی میٹنگ پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں امیدوار سراج رئیسانی سمیت بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات اور سیکورٹی کی صورتحال پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے ،ایسے حالات میں کون ان انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدار کہہ سکتا ہے؟ صورتحال خراب تر ہوتی جا رہی ہے اور بنوں ومستونگ کے واقعات بھی سانحہ یکہ توت کے سلسلے کی کڑیاں ہیں ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی جہاں بھی ہو اے این پی اس کی مذمت کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہارون بلور کو شہید کر کے اے این پی کو میدان خالی چھوڑنے کی دھمکی دی گئی تاہم دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے اور الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے، انہوں نے بنوں دھماکے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔