نواز شریف فرشتہ نہیں ،تمام اداروں کا ایک آدمی کے پیچھے لگنا انصاف نہیں، اسفندیار ولی خان

پاکستان کے مسائل کا حل صرف باچا خان کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے ‘ جدہ میں برسی تقریب اور ظہرانے سے خطاب

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے سر براہ اسفندر یار ولی نے کہا ہے کہ میں نہیں کہتا کہ نواز شریف فرشتہ ہے مگر یہ بھی انصاف نہیں تمام ادارے ایک ہی آدمی کے پیچھے لگے ہوں’ عمران خان نے سیاست میں ناچ گا نا لاکر سیاست کو غیر سنجیدہ کردیا ہے’ان خیالات کا اظہار انہوں نے جدہ سعودی عرب میں باچا خان اور ولی خان کی برسی تقریب اور بعد ازاں نوشیرواں خٹک’ عثمان خٹک’فضل مومنداور سعودی عرب اے این پی کے صدر گل زمین خان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے جانیوالے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف شور مچاتے ہیں حالانکہ سب سے بڑی کرپشن انکی اپنی صوبائی حکومت کررہی ہے’انہوں نے کہا کہ حکومت کو آئینی مدت پوری کر نی چاہیے اور عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ جمہوریت کے خلاف سازشیں کر نیوالے ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف باچا خان کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے ‘ افغانستان کی جنگ میں کود کر پاکستان نے اپنا نقصان کیا اسے اسلام کی جنگ کہہ کر لوگوں کو بے وقوف بنایا گیا جبکہ ہم نے کہاکہ یہ امریکہ اور روس کی جنگ ہے آج بھی افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس میں اسلام کا کوئی تعلق نہیں۔ اسفندر یار ولی خان نے کہا کہ عمران بھی سیاست کرنا چاہتا ہے اسے خود نہیں پتہ کہ کہنا کیا ہے روز ایک نئی کہانی لیکر آتا ہے ہمیں یہ سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ کون سی تبدیلی لانا چاہتے ہیں خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لیا ہے،جو آج تک کسی حکومت نے نہیں لیا اور اس قرض کو چکانے کیلئے آنے والی حکومتوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔