بنی گالہ میں دھرنا دینے والے سب انجینئرز کے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں گے، حاجی غلام احمد بلور

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے بنی گالہ میں دھرنا دینے والے سب انجینئرز کے ساتھ کپتان کے ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے جائز حقوق کیلئے تگ و دو کرنے والوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنا دینے والوں کو بنی گالہ سے روٹی اور پانی تک نہیں دیا جا رہا اور نہ ہی ان کے مسائل اور مطالبات پر توجہ دی جا رہی ہے ، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بنی گالہ آتے جاتے کپتان ان مظاہرین سے بات کرنا تک گوارا نہیں کرتے ،جس کی وجہ سے عرصہ دراز سے کام کرنے والے ان سب انجینئرز میں بے چینی پھیل رہی ہے، حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ باقی تمام ملازمین کو ترقی اور گریڈ دیئے جا رہے ہیں جبکہ سب انجینئرز تاحال اپ گریڈیشن سے محروم ہیں اور ایک عرصہ سے اپنے مطالبات کیلئے احتجاج پر ہیں لیکن حکومت کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی ، انہوں نے کہا کہ اے این پی ان ملازمین کے جائز حق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی ،انہوں نے کہا کہ سب انجینئرز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مسائل حل ہونے تک اے این پی ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی ، قبل ازیں حاجی غلام احمد بلور نے بنی گالہ میں مظاہرین کے کیمپ کا دورہ کیا ، اس موقع پر دھرنا مظاہرین نے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اپ گریڈیشن کے حوالے سے ہمیں کئی بار طفل تسلیوں پر ٹرخایا گیا لیکن آج تک ہمارے مسائل پر حکومت نے کوئی توجہ نہ دی جس کی وجہ سے مجبوراً دھرنا دینا پڑا ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے الیکشن سے قبل عوام کو روزگار دینے کے جو وعدے کئے لیکن صوبائی حکومت نے ملازمین کو روزانہ کی بنیاد پر بے روزگار کیا اور باقی سب کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا ،
حاجی بلور نے صوبائی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ ان تمام سب انجینئرز کے جائز مطالبات تسلیم کر کے ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کیا جائے ۔