نقیب اللہ محسودکی شہادت سندھ کی صوبائی حکومت اور مرکزی حکومت کی ناکامی ہے، میاں افتخار حسین

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ نقیب اللہ شہید کے ساتھ ظلم ہوا ہے اور اسے بے دردی سے جعلی پولیس مقابلے میں مارا گیا، جبکہ راؤ انوار مجرم ثابت ہونے کے باوجود آزاد ہے۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنے والے خود قاتل بن چکے ہیں ، اور نقیب اللہ کی شہادت سندھ کی صوبائی حکومت اور مرکزی حکومت کی ناکامی ہے،میاں افتخار حسین نے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نقیب اللہ محسودکے قتل میں ملوث راؤ انوار سمیت دیگر ملزموں کو فوری طور پر گرفتار کر کے ان سے سارے راز اگلوائے جائے اور انہیں پھانسی پر لٹکایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور تسلسل کے ساتھ نقیب اللہ محسود کے ساتھ ہونے والی ظلم کے خلاف آواز اٹھائی ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے احتجاج میں بھی میں نے خود شرکت کی۔ اس کے بعد پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنے میں بھی عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور ورکروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ حیات آباد پشاور میں نقیب اللہ محسود کیلئے بنائی گئی تحریک کے مظاہرے میں بھی شرکت کی اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔جبکہ اسلام آبادمیں جاری نقیب اللہ محسود کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے قومی جرگے میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان کل 5فروری بروز پیرشام 7بجے شرکت کرکے خطاب کریں گے۔