میاں افتخار حسین کا ارباب مجیب الرحمان کے انتقال پر اظہار تعزیت
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے پارٹی کے مرکزی رہنما ارباب مجیب الرحمان کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے، اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحوم ارباب مجیب الرحمان زمانہ طالبعلمی سے ہی میرے سیاسی رفقاء میں سے تھے اور میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ، انہوں نے کہا کہ مرحوم پختون ایس ایف کے دور سے میرے کلاس فیلو اور روم میٹ بھی رہے اور ہم نے پختون ایس ایف کے زمانے میں مشترکہ جدوجہد بھی کی ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ ارباب مجیب الرحمان نظریاتی کارکن کے ساتھ ساتھ انتہائی کہنہ مشق اور تجربہ کار سیاستدان تھے اور میں نے ہمیشہ ان سے سیاسی رہنمائی حاصل کی،انہوں نے مرحوم کی جدوجہد اور سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ایسے نظریاتی سیاسی رہنما بہت کم پیدا ہوتے ہیں ، وطن دوست سوچ رکھنے والے ارباب مجیب مرحوم اپنی مٹی سے محبت رکھتے تھے اور آج میں ان کی قربت سے محروم ہو گیا ہوں جو میرے لئے انتہائی دکھ کی بات ہے،انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے صبر جمیل کیلئے بھی دعا کی۔