سپریم کورٹ فیصلے پر تھنک ٹینک اجلاس میں غور کے بعد قوم کو آگاہ کیا جائے گا،میاں افتخار حسین

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر اے این پی رائے کا حق محفوظ رکھتی ہے تاہم پارٹی کے تھنک ٹینک میں تفصیلی غور و خوض کے بعد اے این پی کی رائے سے قوم کو آگاہ کیا جائے گا،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے ملک کی سیاست اور حالات پر گہرے اثرات مرتب ہونگے اور اس فیصلے کے بعد ضروت محسوس کی گئی کہ اے این پی کے مشاورتی بورڈ کا اجلاس بلایا جائے لہٰذا پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے ایمرجنسی میں تھنک ٹینک کا اجلاس ولی باغ میں کل دن گیارہ بجے طلب کیا ہے ، اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی غور کیا جائے گا اور جو بھی فیصلہ ہوا اس سے قوم کو آگاہ کیا جائے گا، میاں افتخار حسین نے کہا کہ میں نے تمام ممبران کے ساتھ اس حوالے سے رابطے کئے ہیں تاکہ وہ اپنی شرکت مقررہ وقت پر یقینی بنائیں ، انہوں نے کہا کہ میڈیا کے بیشتر ساتھیوں نے رائے کے حوالے سے رابطہ کیا تاہم جب تک مشاورتی بورڈ میں اس پر غور کے بعد ہی اے این پی کا پالیسی بیان جاری کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ آئین ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، جمہوریت کی بقاء عدالتی فیصلوں کا احترام اور تمام اداروں کے آئینی کردارکے حوالے سے اے این پی کا مؤقف واضح ہے اور پارٹی نے کبھی کسی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کی۔