پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان نے خیبر پختونخوا میں ضمنی بلدیاتی الیکشن میں اے این پی کے امیدواروں کی کامیابی پر انہیں دلی مبارکباد پیش کی ہے اورکہا ہے کہ کٹھ پتلی وزراء ،ایم این ایزاور ممبران صوبائی اسمبلی کو سرکاری مشینری کے بے دریغ استعمال کے باوجود اپنی یونین کونسلوں میں شکست ہوئی ، انہوں نے کہا کہ اے این پی کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پولنگ سٹیشنوں کے اندر ’’بوٹ والوں ‘‘ کی غیرموجودگی کی صورت میں پی ٹی آئی کی کوئی حیثیت نہیں اور جنات ووٹ نہ ڈالیں تو حکمران جماعت کا کوئی ممبر ایک یونین کونسل کا الیکشن تک نہیں جیت سکتے ، ایمل ولی خان نے کہاکہ اگر سٹیبلشمنٹ سیاسی معاملات میں مداخلت چھوڑ دے تو اے این پی مستقبل میں صوبے پر حکمرانی کرے گی کیونکہ عوام پی ٹی آئی سے نالاں ہو چکے ہیں،اپنے تہنیتی بیان میں انہوں نے فتح حاصل کرنے والوں کی کامیابی کو پختونوں کی فتح قرار دیا ،ایمل خان نے کہا کہ بڑی تعداد میں اے این پی کے امیدواروں کی کامیابی عوام کی طرف سے موجودہ حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے اور تمام اضلاع کے عوام نے اپنے فیصلے سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ صرف اے این پی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا جانتی ہے ، انہوں نے نو منتخب امیدواروں کو ایک بار پھرمبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پہلی ترجیح کے طور پر عوام مسائل حل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے