پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے وبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی اے این پی پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے اور اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے نتیجے میں لاڈلوں کی ضمانتیں ضبط ہو نگی، اپنے ایک تہنیتی بیان میں سردار حسین بابک نے تمام اضلاع سے کامیاب ہونے والے اے این پی کے ممبران کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ صاف ،شفاف انتخابات اور حقیقی جمہوریت ہی مسائل کا حل ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور مضبوطی کیلئے جمہوریت کا استحکام اور جمہوریت کی مضبوطی انتہائی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں مرکزی و صوبائی حکومتوں کی مشینری کے استعمال کے باوجود اے این پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کی بڑی تعداد اور بھاری اکثریت سے کامیابی لاڈلوں کو اقتدار میں لانے والوں کیلئے کھلا پیغام ہے،انہوں نے کہا کہ ملک کی مضبوطی اور عوام کی خوشحالی سے قطع نظر عوام کی رائے پر کسی بھی طرح سے اثر انداز ہونے سے مسائل میں اضافہ ہوگا، سردار حسین بابک نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ کو چرایا گیا اور اب یہ بخوبی ظاہر ہو رہا ہے کہ عام انتخابات کے بعد ہونے والے تمام ضمنی انتخابات میں لاڈلوں کو ان کی حکومت کے باوجود عوام گھاس نہیں ڈال رہے ، عوام کی حقیقی حکمرانی کی بحالی تک عوام کے مسائل میں اضافہ ہوتا رہے گا اور مہنگائی کا طوفان عوام کیلئے تباہی کا باعث بنے گا، انہوں نے کہا کہ اے این پی کی کامیابی تنظیموں ، کارکنوں کی انتھک محنت اور پارٹی پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔