پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے سپیکر صوبائی اسمبلی سے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اسمبلی اجلاسوں میں صوبے کو درپیش مسائل اور قانون سازی کے عمل کیلئے میرٹ پر حکمت عملی تیار کرنے کی غرض سے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا قیام ناگزیر ہے،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے سٹنگ کیلئے کسی ممبر کو پھر شکایت کا موقع نہیں ملے گا اور درپیش مسائل و مشکلات اور ان کے مناسب اور بہترین حل کیلئے تجاویز میں آسانی ہو گی، انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس تسلسل سے جاری رہنا چاہئے تاکہ ممبران اسمبلی اپنے حلقوں اور صوبے کے مسائل پر کھل کر اپنی آرا کا اظہار کر سکیں، سردار حسین بابک نے مزید کہا کہ صوبے کو درپیش مالی و انتظامی مشکلات نے عوام کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ اسمبلی اجلاسوں میں وزراء کی غیر حاضری اور نامکمل تیاری بڑا مسئلہ بن چکی ہے، انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت کی ابتدائی دور میں غیر سنجیدگی عوام کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ سپیکر صوبائی اسمبلی سے توقع ہے کہ وہ ایوان کو غیر جانبدارانہ اور پارلیمانی کلینڈر کے مطابق چلانے میں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہونگے۔