پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ عنقریب ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال ،وزرا،ایم این ایز اور ایم پی ایز کی مداخلت اور ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود فتح اے این پی کی ہوگی اور عوام اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے اے این پی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے ، صوبے کے مختلف اضلاع میں اس ماہ کے آخر میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں سرکاری مشینری کے استعمال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر سیاسی رشوت کا بے دریغ استعمال الیکشن کمیشن کی کاکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی خاموشی سے ایک بار پھر شکوک و شبہات جنم لیں گے، ثمر بلور نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزیوں پر چیئرمین الیکشن کمیشن کو حرکت میں آنا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کرائے جائیں تو اے این پی کی کامیابی یقینی ہے اور اس کامیابی کے اثرات آئندہ بلدیاتی انتخابات پر بھی مرتب ہونگے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری وسائل اور مشینری کے بے دریغ استعمال کے باوجود باچا خان کے پیروکاروں کا عزم جواں اور ہمت مضبوط ہے اور فتح اے این پی کی ہوگی ، انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ تک حلقوں کو نظر انداز کرنے والے عوام کو ایک بار پھر دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں ٹرانسفارمر اور پائپ سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کئے جا رہے ہیں جبکہ اے این پی عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے پر یقین رکھتی ہے ، ثمر بلور نے کہا کہ اے این پی بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے عوام کو ان کے جائز حقوق کیلئے جدوجہد کا آغاز کرے گی ۔