ملائشیا میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل فور ی حل کرنے کی ضرورت ہے، سردار حسین بابک

بیرون ملک پاکستانی وطن کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،وزارت خارجہ فوری طور پر نوٹس لے۔

پاکستانی سفارتخانے کے باہر احتجاج پر سفارتخانے کے ذمہ داران توجہ نہیں دے رہے ۔

ملائشیا میں بسنے والے پاکستانی سالانہ کروڑوں روپے کا زر مبادلہ پاکستان بھیج رہے ہیں ۔

پاکستانیوں خصوصاً پختونوں کے مسائل حل کر کے ان میں بے چینی کا خاتمہ کیا جائے ۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے ملائشیا میں مقیم پاکستانیوں خصوصاً پختونوں کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور ملائشیا میں مقیم پختونوں کے مسائل پر پاکستانی سفارتحانے کا حرکت میں آنا چاہئے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ ملائشیا میں بسنے والے پاکستانی سالانہ کروڑوں روپے کا زر مبادلہ پاکستان بھیج رہے ہیں اس کے باوجود وہانتہائی مشکلات کا شکار ہیں ، انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کو فوری طور پر اس سنگین مسئلے کا نوٹس لینا چاہئے اور ملائشیا میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل ازالہ کرنا چاہئے ، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملائشیا میں مقیم پاکستانی سفارتخانے کے باہر احتجاج پر ہیں تاہم سفارتخانے کا عملہ اور ذمہ داران ان پر توجہ نہیں دے رہے ، انہوں نے کہا کہ انسانیت کے پیش نظر ان تمام پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیدوں پر حل کر کے پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کیا جائے۔