ملگری وکیلان کی کامیابی اے این پی کی حق و صداقت پر مبنی پالیسیوں کی فتح ہے، حاجی غلام احمد بلور
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے پشاور بار انتخابات میں کامیابی پر نو منتخب صدر وکیل زمان خٹک کو مبارکباد پیش کی ہے، اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ منتخب ہونے والوں پر وکلاء برادری نے اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اب یہ ان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ وکلاء برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں ،پشاور بار سمیت دیگر اضلاع میں بھی کامیاب ہونے والے ملگری وکیلان کے ممبران کو بھی خصوصی طور پر مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملگری وکیلان کی کامیابی دراصل اے این پی کی کامیاب ، مثبت اور حق و صداقت پر مبنی پالیسیوں کی فتح ہے ،حاجی غلام احمد بلور نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب صدر اور ان کی کابینہ وکلاء برادری کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے ،انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلاتفریق قانون کی پاسداری اور انصاف کی فراہمی کے لئے جدوجہد کرنے والا یہ طبقہ حق ، سچ اور انصاف کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے گا۔