ملکی سیاسی حالات کے تناظر میں سنجیدہ اور بروقت فیصلوں کی ضرورت ہے،میاں افتخار حسین

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے پارٹی کی مرکزی کابینہ ، مرکزی کونسل اور مرکزی ورکنگ کمیٹی کے تمام اراکین سے کہا ہے کہ وہ 18اور19ستمبر کو ہونے والے مرکزی کونسل اور ورکنگ کمیٹی کے اجلاسوں میں اپنی شرکت یقینی بنائیں ۔یاد رہے کہ مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے اے این پی کی مرکزی کابینہ کا اجلاس اتوار17ستمبرکو شام 4بجے ولی باغ چارسدہ میں جبکہمرکزی کونسل کا اجلاس 18ستمبر اور ورکنگ کمیٹی کا اجلاس 19ستمبر کو صبح10بجے باچا خان مرکز میں طلب کر رکھے ہیں، مرکزی کونسل کے ایجنڈے میں پارٹی کے تنظیمی امور ، عام انتخابات2018کیلئے انتخابی منشور کی منظور ی اور مرکزی صدر کی اجازت سے دیگر اہم نکات پر گفتگو شامل ہے، جبکہ مرکزی ورکنگ کمیٹی کے ایجنڈے میں ملکی سیاسی صورتحال ، صوبائی رپورٹ ، پارٹی کے تنظیمی امور پر گفتگو شامل ہے اور 2018کے عام انتخابات کیلئے منشور کی منظوری کے ساتھ ساتھ مرکزی صدر کی اجازت سے دیگر نکات پر سیر حاصل گفتگو کی جائے گی،میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ پارٹی کے مرکزی آئینی اداروں ، مرکزی کابینہ،مرکزی کونسل اور ورکنگ کمیٹی کے اجلاس ایک ایسے موقع پر طلب کئے گئے ہیں جس میں ملک کے اندرونی و بیرونی سیاسی حالات کے تناظر میں سنجیدہ اور بروقت فیصلوں کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے انتہائی مناسب وقت پر اجلاس طلب کئے ہیں اور ان حالات میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو اور بحث کے ساتھ ساتھ پارٹی کے أئینی اداروں کے ممبران کی تجاویز اور نکتہ نظر جاننا انتہائی ضروری ہے ، انہوں نے کہا کہ تمام ارکان اپنی بروقت شرکت یقینی بنائیں۔