مرکزی و صوبائی حکومتیں اپنی ناقص کارکردگی کی نیاد پر عوامی مقبولیت کھو چکی ہیں، خوشدل خان ایڈوکیٹ

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی ضلع پشاور کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئر مین اور این اے 4میں ضمنی الیکشن کے امیدوار خوشدل خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں کامیابی یوینی ہے صوبائی حکومت کو اس کی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر عوام مسترد کر دیں گے ، حلقہ پی کے 11چمکنی میں انتخابی مہم کے دوران ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں پختونوں کے حقوق کے حوالے سے ناکام ہو چکی ہیں اور خیبر پختونخوا کے عوام کو دونوں حکومتوں نے بے یارو مددگار چھوڑ رکھا ہے ، اس موقع پر ثاقب چمکنی نے بھی خطاب کیا ، اے این پی کے مرکزی سیکرٹری مالیات ارباب محمد طاہر خان خلیل ، مختیار خان ایڈوکیٹ سمیت دیگر قائدین جبکہ ہزاروں کی تعداد میں کارکن اس موقع پر موجود تھے۔ خوشدل خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ چمکنی اور مہمند کے باسیوں کا اے این پی سے دل و جان کا رشتہ ہے اور پارٹی کبھی انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی ، انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے صوبے کے عوام کے حقوق غصب کئے ، بجلی منافع کی مد میں رقم ادا نہیں کی گئی جبکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے کو وسائل کی تقسیم میں نظر انداز کیا گیا ، اسی طرح موجودہ صوبائی ھکومت بھی اپنا کیس لڑنے اور اپنے صوبے کے حقوق حاصل کرنے کی بجائے تخت اسلام آباد کی جنگ میں مصروف ہو گئی ، انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ میدان میں آئیں اور این اے 4کے ضمنی الیکشن کی تیاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ، خوشدل خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ مذکورہ حلقہ اے این پی کا گڑھ ہے اور اس بار بھی کامیابی حاصل کر کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے ۔