اے این پی نے این اے4کے ضمنی الیکشن کیلئے خوشدل خان ایڈوکیٹ کو امیدوار نامزد کر دیا 

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی نے این اے 4کے ضمنی الیکشن کیلئے خوشدل خان ایڈوکیٹ کو امیدوار نامزد کر دیا ہے ، اس امر کا اعلان اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے باچا خان مرکز میں این اے4کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک، لطیف لالہ ، خوشدل خان ایڈوکیٹ اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ، صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اے این پی صوبے کی مضبوط سیاسی قوت ہے اور این اے 4کے ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد اس حلقہ کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے ، انہوں نے کہا کہ این اے 4کا ضمنی الیکشن صرف ایک حلقہ ہی نہیں بلکہ تمام 99صوبائی حلقوں سمیت آئندہ عام انتخابات پر بھی اس کے گہرے اثرات ہونگے،انہوں نے کہا کہ این اے 4اے این پی کا ہمیشہ سے گڑھ رہا ہے اور اس بار الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے حلقے کے عوام کی محرومیوں کو دور کریں گے ، انہوں نے کہا کہ اس سے قبل 2013کے الیکشن میں این اے ون پر ضمنی الیکشن میں حصہ لیا اور حاجی غلام احمد بلور کی صورت میں ہمیں کامیابی ملی جبکہ اب کی بار خوشدل خان کامیاب ہو کر اسمبلی میں پہنچیں گے ، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اے این پی صوبے کی مضبوط سیاسی قوت ہے اورصوبے کے عوام اب پی ٹی آئی کی حکومت سے متنفر ہو چکے ہیں، عمران خان تخت اسلام آباد کیلئے نبرو آزما ہیں اور خیبر پختونخوا کے عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کو ہمارے صوبے سے کوئی غرض نہیں ،پنجاب کی خوشحالی اور سیاست ان کی اولیں ترجیح ہے البتہ اے این پی صرف پختونوں کے حقوق کی بات کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ چار سال کے دوران عوام دوبارہ اے این پی کو اپنے حقوق کا حقیقی ضامن سمجھ چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ پارٹی کی کامیابی کیلئے میدان میں ؤئیں اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے کیلئے محنت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی صورتحال تبدیل ہو چکی ہے اور سیاسی درجہ حرارت عروج پر ہے جس کا فائدہ اے این پی کو ہوگا ،انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کیلئے وصول ہونے والی درخواستوں کی سکروٹنی جاری ہے اور انشاء اللہ اس سال کے آخر تک اگلے الیکشن کیلئے تمام امیدواروں کا اعلان کر دیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ این اے 4سمیت اے این پی 2018کے الیکشن میں بھی کلین سویپ کرے گی ۔