باجوڑ کورونہ میں جلسہ

وزیراعظم کی کرسی کیلئے جاری جنگ میں پختونوں کا نقصان ہو رہا ہے ، امیر حیدر خان ہوتی
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیرحیدرخان ہوتی نے کہاہے کہ کپتان عوام کی حالت پر رحم کریں خیبر پختونخوا کے عوام شدید مشکلات سے دوچارہیں آئندہ انتخابات میں پختون اپنے مینڈیٹ کی توہین کرنے والوں کو مسترد کر دینگے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان تمبولک باجوڑ کورونہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجتماع سے مردان کے ضلع ناظم اورپارٹی کے ضلعی صدر حمایت اللہ مایار ،جنرل سیکرٹری لطیف الرحمان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ امیرحیدرخان ہوتی نے کہا کہ اے این پی کا ایجنڈا پختون قوم کی باہمی اتفاق واتحاد اوریکجہتی ہے ہماری سیاست اقتدار کیلئے نہیں بلکہ پختون قوم کے غصب شدہ حقوق حاصل کرنے کیلئے ہے انہوں نے کہاکہ وہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ پختون قوم کو کس جرم کی سزا دی جارہی ہے دونوں بڑی پارٹیوں کی جنگ وزیراعظم کی کرسی کے لئے ہے، ایک پارٹی کے لیڈر کرسی بچانے میں نا اہل ہو گئے تو دوسری پارٹی کے لیڈر کو وزیراعظم بننے کی جلدی ہے ،پختونخوا کے عوام چکی کے پاٹوں کی طرح اس سیاسی لڑائی میں پس رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اورمسلم لیگ (ن) اگر پختون بچوں کے مستقبل کے لئے جنگ کرتیں توانہیں خوشی ہوتی لیکن تمام جنگ پنجاب کی سیاسی میدان کے لئے ہے، انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات تحریک انصاف کے پیدا کردہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال بعد بھی صوبے کے کئی اضلاع پانی گیس تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، انہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنے دور حکومت میں سکول، کالجز اور یونیورسٹیاں بنائیں اور تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلابی اصلاحات کیں ، لیکن بد قسمتی سے گزشتہ الیکشن میں ہمیں دیوار سے لگایا گیا، امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ تحریک انصاف کو عوام نے پانچ سال کے لئے مینڈیٹ دیاہے انہیں عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے ہوں گے، اوراب کسی بھی بہانے صوبائی حکومت کو بھاگنے نہیں دیں گے، انہوں نے کہاکہ عمران خان کو صوبے میں اقتدار پختونوں نے دیا ہے لیکن وہ پنجاب کی سیاست کررہے ہیں کیونکہ ان کی وزیراعظم بننے کی خواہش صرف پنجا ب کی سیاست ہی سے پوری ہوگی، امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ،پختونوں کی بربادی پر پنجاب کی ترقی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، انہوں نے کہا کہ پختون قوم بیدار ہو چکی ہے اور اب انہیں کسی طور جھوٹے وعدوں اور خالی خولی نعروں سے بہکایا نہیں جا سکتا ، انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں کامیابی کے بعد عوامی خدمت کا سفر عوام کے تعاون سے دوبارہ شروع کرینگے۔