تبدیلی کا رخ بدل چکا ہے،این اے4کا معرکہ تاریخی کامیابی کے ساتھ سر کرینگے، میاں افتخار حسین
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ این اے4ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد اس حلقہ کی تقدیر بدل جائے گی اور اس تبدیلی کے اثرات آئندہ عام انتخابات پر بھی مرتب ہونگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے4کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران اضا خیل ٹیلہ بند میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر اے این پی کے متفقہ امیدوار خوشدل خان ایڈوکیٹ اور ارباب مجیب الرحمان نے بھی خطاب کیا ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ چار سال اس حلقے کو بے یارو مددگار چھوڑ کر پنجاب کی سیاست کی جاتی رہی لیکن اب وہاں ناکامی کا منہ دیکھنے کے بعد پی ٹی آئی نے این اے4کا رخ کر لیا ہے اور عوام کو ایک بار پھر دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمر اور پائپ سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کئے جا رہے ہیں جبکہ اے این پی اس حلقے کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے پر یقین رکھتی ہے ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ اے این پی آئندہ الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کر کے عوام کو ان کے جائز حقوق کیلئے جدوجہد کا آغاز کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے خیبر پختونخوا کے تمام محکموں کو مفلوج کر دیا ہے سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے خزانے میں پیسے نہیں لیکن سیاسی رشوت کیلئے رقم کہاں سے آ رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے دور میں مفاد عامہ سے غافل رہی اور عوام کیلئے کوئی بھی میگا پراجیکٹ شروع کرنے کی بجائے ہمارے منصوبوں پر تختیاں لگاتی رہی ۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقے میں خوشدل خان ایڈوکیٹ عوام کی ہر دلعزیز شخصیت ہیں اور عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ کمر بستہ رہے ، انہوں نے عوام سی اپیل کی کہ اپنا قیمتی ووٹ خوشدل خان کے حق میں استعمال کریں تاکہ آپ کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ کہ مرکزی و صوبائی حکومت نے چار سال تک این اے4کو نظر انداز کئے رکھا ،عمران خان پختونوں کی قیمت پر پنجاب کی سیاست کرتے رہے اور تخت اسلام آباد کیلئے خیبر پختونخوا کے عوام اور وسائل کو لوٹا گیا ، لیکن پنجاب سے مایوس عناصر نے پھر خیبر پختونخوا کے عوام کو دھوکہ دینے کی ٹھان لی اور این اے4کا رخ کر لیا ہے ، تاہم عوام باشعور ہو چکے ہیں اور وہ جھوٹے وعدے کرنے والوں کو جان چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کا معرکہ تاریخی فتح کے ساتھ سر کریں گے اور انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں بھی اے این پی اس حلقے میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی۔