متنازعہ ڈرگز رولز کیمسٹ برادری کے معاشی قتل کے مترادف ہے، حاجی غلام احمد بلور
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے متنازعہ ڈرگز رولز کو کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ کا معاشی قتل قرار دیا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے احتجاجی کیمپ کے دورے کے موقع پر مظاہرین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور اور ستی ڈسٹرکٹ کے رہنما ملک طارق بھی ان کے ہمراہ تھے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے غریب عوام سمیت تمام مکتبہ فکر کے لوگوں پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد دیا ہے جس سے غربت مہنگائی اور بے روزگاری میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے ،انہوں نے ڈرگز رولز کی مخالفت کرتے ہوئے اس کی واپسی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اے این پی حکومت کے ہر اس اقدام کی مخالفت کرے گی جس سے غریب آدمی متاثر ہوتا ہو ، انہوں نے کہا کہ صوبے میں تاجر برادری پہلے ہی دہشت گردی کی وجہ سے متاثر ہے اور متعدد تاجر امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر اپنا سرمایہ صوبے سے سرمایہ منتقل کر چکے ہیں جبکہ باقی معیشت حکمرانوں کی وجہ سے داؤ پر لگی ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ اے این پی کیمسٹ برادری کے جائز مطالبات کیلئے ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور حکومت کو اس متنازعہ ڈرگ رولز کا فیصلہ واپس لینا ہوگا۔