پْرامن مستقبل کیلئے من پسند نظریات زبردستی مسلط کرنے والوں کے ہاتھ روکنا ہونگے، اسفندیار ولی خان

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ تین برس بیت جانے کے باوجود بھی سانحہ پشاور پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے ،جبکہ اے پی ایس شہداء کے لواحقین آج تک انصاف سے مطمئن نہیں ہوئے اور نہ ہی سانحہ کے اصل محرکات تاحال قوم کے سامنے لائے جا سکے،آرمی پبلک سکول سانحہ کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حملہ آور انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں تھے۔جب تک دہشت گردانہ ذہنیت کی پیداوار ،آماجگاہوں اور پنا ہ گاہوں کو ختم نہیں کیا جاتا اس وقت تک امن اور ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔اسفندیار ولی خان نے کہا کہ درسگاہوں پر حملہ کرنیو الے بیمار ذہنیت اور جاہلیت کے پیرو کار ہیں شدت پسندانہ نظریات اور سوچ کو زبردستی مسلط کرنے والوں کے ہاتھ نہ روکے گئے تو مستقبل خطرے میں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اے این پی کے مطالبے پر جوڈیشنل کمیشن ابھی تک قائم نہیں کیا گیا اگر جوڈیشنل کمیشن قائم کر کے مجرموں کا سراغ لگا کر کیفر کردار تک پہنچا دیا جاتا تو مردان،چارسدہ،کوئٹہ اور زرعی یونیورسٹی پشاور جیسے واقعات رونما نہ ہوتے لیکن ریاست اور حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔شہدائے اے پی ایس کے لواحقین مجرموں کو کیفر کردارتک پہنچانے کیلئے چوکوں چوراہوں میں دھرنے دیتے رہے ہیں لیکن نیشنل ایکشن پلان بنانے والوں کے دل و دماغ پر لواحقین کی چیخوں کا کوئی اثر نہیں ہو ا۔انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں دار الحکومت میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔دہشت گردوں کے سہولت کار،مددگار کھلے عام اسلحہ برداروں کے ہمراہ نہ صرف ملک بھر میں دندناتے پھررہے ہیں بلکہ اب ملکی سیاست میں بھی حصہ لے رہے ہیں تاہم انہیں پکڑنے اور روکنے والا کوئی نہیں، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی کی سوچی سمجھی رائے ہے کہ لشکر بنانے کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔اچھے اور برے کی تمیز سے نکل کر جب تک صرف پاکستانیت کو ہی حب الوطنی کے طور پر پہلی ترجیح نہیں بنائی جائے گی اس وقت تک سانحہ اے پی ایس جیسے حملے اور واقعات کو نہیں روکا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے باچا خان بابا کی سوچ و فکر کی ساری دنیا کو ضرورت ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بڑے دہشت گرد موجود ہیں اور کالعدم تنظیموں کی صورت میں چندہ اکٹھا کر کے دہشت گردی کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے چند نکات پر عمل درآمد ہوا تاہم اب بھی بیشتر نکات پر عمل ہونا باقی ہے اور یہ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی نا اہلی ہے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کی ذمہ داری ہماری صوبائی حکومت اور مرکزی حکومت دونوں پر عائد ہوتی ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں بڑی تباہی سے بچنے کیلئے سانحہ اے پی ایس کے اصل محرکات قوم کے سامنے لائے جائیں اور گڈ و بیڈ کی تمیز ختم کر کے تمام دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے اور اس کیلئے بہترین آپشن ’’ نیپ‘‘ پر من و عن عمل درآمد کے سوا کچھ نہیں۔