بڑا بھائی پنجاب خیبر پختونخوا کے عوام میں غلامی کا احساس پیدا کر رہا ہے، حاجی غلام احمد بلور

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور قومی اسمبلی میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس ہمارے صوبے کی پیداوار ہے لیکن بدقسمتی سے اس کی باگ ڈور پنجاب کے ہاتھ میں ہے جس نے ہمارے صوبے کی پیداوار خیبر پختونخوا کے عوام پر بند کر دی ہے ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب بڑا بھائی ہے تاہم وہ ہمارے ساتھ بھائیوں کی بجائے غلاموں جیسا سلوک کر رہا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے ، انہوں نے کہا کہ سخت سردی کے باوجود صوبے میں ناروا لوڈ شیڈنگ جاری ہے جو عقل سمجھنے سے قاصر ہے اسی طرح سردیوں میں گیس بندش نے ہمارے صوبے کے عوام کو ذہنی کرب میں مبتلا کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پر گیس اور بجلی بند کر کے غلامی کا احساس پیدا کیا جا رہا ہے اور اس سے لوگوں میں احساس محرومی پیدا ہو رہا ہے، ہمارا صوبہ خیبر پختونخوا اس حوالے سے انتہائی بدنصیب ہے کیونکہ اٹھارویں ترمیم میں یہ کہا گیا ہے جو چیز جس صوبے میں پیدا ہوتی ہے اُسی صوبے کا حق سب سے پہلے اس پر ہوتا ہے ۔ گیس جو ہمارے صوبے میں ضرورت سے زیادہ پائی جاتی ہے لیکن ہمارے صوبے میں لوگوں کو گیس نہیں مل رہی ۔ بلکہ پشاور جو کہ اس صوبے کا دارالخلافہ ہے پر گیس کا نام و نشان تک نہیں رہا اور گھروں میں لوگ لکڑیاں جلا کر کھانا روٹی پکاتے ہیں جبکہ بچوں کو بغیر ناشتے کے سکولوں کو بھجوایا جاتا ہے۔اسی طرح سخت سردی میں گیس بندش کی وجہ سے بچوں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ کسی قسم کا جانی نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری مرکزی حکومت پر ہوگی،انہوں نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ 55ہزار بیرل تیل نکل رہا ہے لیکن اس کیلئے ریفائنریز یہاں موجود نہیں ، انہوں نے کہا کہ اگر تیل ریفائنریز پنجاب کی بجائے یہاں لگائی جائیں تو ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع مل سکتے ہیں،حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ پنجاب میں ترقی اور ہماری تنزلی کی بنیادی وجہ اتفاق ہے ، تمام پنجاب مسلم لیگ کے ساتھ کھڑا ہے ، سندھ پیپلزپارٹی کے ساتھ اور ہندوستان کا مہاجر ایم کیو ایم کے ساتھ ہے لیکن پختون ایک پلیٹ فارم پر متحد نہیں ، ہمیں اپنے وسائل پر اپنے اختیار کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہو گا ، پختون اپنی اور آنے والی نسلوں کی ترقی کیلئے ایک پارٹی عوامی نیشنل پارٹی کے سرخ جھنڈے تلے متحد ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان سے ان کے حقوق نہیں چھین سکتی۔