باچا خان اور ولی خان کی برسی پر صوبے کی تاریخ کا عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، ۔سردار حسین بابک

پشاور ( پ ر ) فخر افغان باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی برسی کے انتظامات کیلئے بنائی گئی 11رکنی کمیٹی کا اجلاس باچا خان مرکز میں کمیٹی کے چیئرمین اور صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک کی زیر صدارت باچا خان مرکز میں منعقد ہوا ، اجلاس میں کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی اور آئندہ سال 21جنوری کو باچا خان اور ولی خان کی برسی کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ، اس موقع پر کمیٹی ممبران نے مختلف تجاویز بھی پیش کیں جن کا بغور جائزہ لینے کے بعد مختلف کمیٹیاں تشکیل دیکر انہیں جلسہ عام کی تیاری کے حوالے سے ذمہ داریاں سنپی گئیں،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین سردار حسین بابک نے کہا کہ برسی کے موقع پر عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا جو صوبے کی سیاسی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا جبکہ جلسہ سے پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان سمیت مرکزی و صوبائی قائدین بھی خطاب کریں گے، انہوں نے کہا کہ جلسہ کی سیکورٹی ، پنڈال اور پارکنگ سے متعلق بھی اہم معاملات پر غور جاری ہے اور اس حوالے سے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا،اجلاس میں تمام اضلاع اور پارٹی کی تمام ذیلی تنظیموں کو بھی ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ اس عظیم الشان جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے تئیں بھرپور کوششیں کریں اور بڑی تعداد میں شرکت یقینی بنائیں، سردار حسین بابک نے کہا کہ اے این پی کے محافظ دستے ننگیالے پختون کو بھی حفاظت کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔انہوں نے پارٹی کے تمام عہدیداروں ،کارکنوں اور ذیلی تنظیموں کو ہدایت کی کہ وہ تاریخی جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔