اسفندیار ولی خان کی کابل میں خود کش دھماکوں کی مذمت، افغان حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کابل میں ہونے والے بدترین خودکش دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سانحے میں صحافیوں سمیت جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ، اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ہونے والی دہشت گردی کی کاروائی اپنی نوعیت کی بدترین کاروائی تھی اور غم کی اس گھڑی میں ہم افغان عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں ، انہوں نے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان کا مشترکہ مسئلہ ہے اور دونوں ملکوں کو مل کر دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ اور مربوط کاروائی کرنی چاہئے ۔اسفندیار ولی خان نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔