ڈینگی پر حکومتی غفلت، اے این پی نے تحریک التوا جمع کرا دی

* صوبائی حکومت اگر بر وقت روک تھام کرتی تو آج اس افسوسناک صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا، سردار حسین بابک

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی نے صوبے میں ڈینگی کے حملے اور صوبائی حکومت کی جانب سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کے خلاف صوبائی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی ہے ، تحریک اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے جمع کرائی اور اس میں کہا گیا ہے کہ پشاور کے بیشتر علاقوں میں ڈینگی کا مرض تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے اور صوبے کے دیگر علاقوں سے بھی اس مرض کے پھیلنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جو کہ انتہائی افسوسناک ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت کی غفلت اور غیر ذمہ داری کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا جا رہا ہے جبکہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے صوبے کے ہسپتالوں کی حالت زار کے حوالے سے موجودہ رپورٹ بھی تشویشناک ہے ، سردار حسین بابک نے کہا کہ صوبائی حکومت اگر بر وقت روک تھام کرتی تو آج اس افسوسناک صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا جبکہ دوسری طرف غیر معیاری ادویات اور ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان نے مسئلے میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔