مورخہ 21جون 2016ء بروز منگل

ماہ صیام اور گرمی میں عوام پر بجلی کی بندش نا قابل برداشت ہو چکی ہے،ایمل ولی خان
جو لوگ اے این پی کے سابق دور حکومت کو لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار ٹہراتے تھے آج عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں
حکومت اپنی تمام توجہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے پر مرکوز رکھے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے
مرکزی و صوبائی حکومتیں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کی بجائے مسئلے کے حل پر سنجیدگی کے ساتھ توجہ دیں ۔

پشاور( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان نے ناروا لوڈ شیڈنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کو عوامی مسائل کا کوئی ادراک نہیں ہے ،اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان کے مبارک مہینے اور انتہائی سخت گرمی میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی تمام توجہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے پر مرکوز رکھے اور عوام کے مسائل کے حل میں پوری سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھائے ، انہوں نے کہا کہ جو لوگ اے این پی کے سابق دور حکومت کو لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار ٹہراتے تھے وہ آج اقتدار میں ہیں اور اب وہ قوم کو بتائیں کہ وہ کیوں اس مسئلے سے آنکھیں چرا رہے ہیں ، ایمل ولی خان نے کہا کہ اے این پی کے سابق دور میں آسمان سر پر اٹھانے اور پارٹی کو الزام دینے والے آج عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہیں ،انہوں نے کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کی بجائے اس مسئلے پر توجہ دیں ورنہ عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے ،انہوں نے کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومتوں کو آپس میں مل بیٹھ کر اس مسئلے کے حل کئے بروقت عملی اور سنجیدہ اقدامات اٹھانے چاہئیں۔