مورخہ 17جون 2016ء بروز جمعہ

لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کا عذاب عوام پر مسلط کر دیا گیا ہے ، ہارون بشیر بلور
منافع خوروں کی چاندی ہے، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کا صوبے میں نام و نشان تک نہیں
ماہ صیام میں غیر معیاری اشیاء کی چیکنگ کا کوئی انتظام نہیں جس سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا بھی اندیشہ ہے

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سمیت ضلعی انتظامیہ روز مرہ اشیاء کی قیمتیں کنٹرول میں ناکام ہو چکی ہے اور منافع خوروں کی چاندی ہو رہی ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ایک طرف ناروا لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا ہے تو دوسری طرف ہوشربا مہنگائی اور روز مرہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے ،جبکہ صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں آرہی ،عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور صوبائی حکومت جھوٹے دعووں اور فریبی نعروں سے ہی فرصت نہیں ملتی ، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ گرانفروشوں سے سامنے بے بس ہو چکی ہے جس کے بعد منافع خور من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بجٹ میں عام آدمی کیلئے کسی ریلیف کا اعلان نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے لٹیرے ماہ صیام میں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں،جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کا صوبے میں نام و نشان تک نہیں،انہوں نے کہا کہ تبدیلی والوں نے صوبے کے عوام کو مہنگائی کے تحفے دیئے ، انہوں نے کہاکہ ماہ صیام میں غیر معیاری اشیاء کی چیکنگ کا کوئی انتظام نہیں جس کی وجہ سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا بھی اندیشہ ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت خیالی دنیا سے نکل کر اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائے تا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔