مورخہ 03جولائی 2016ء بروز اتوار

چترال بارش اور سیلاب متاثرین کی بھرپور مالی امداد کیلئے اقدامات کئے جائیں،اسفندیار ولی خان
اے این پی کے کارکن و عہدیدار متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرے۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے چترال میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دکھ ، افسوس اورغمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے،اپنے ایک بیان میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ قدرتی آفات میں انسان کے پاس صبر کے سوا کو ئی چارہ نہیں،انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی بھرپور مالی امداد کی جائے جبکہ ذاتی املاک کو پہنچنے والے نقصاناے کا تخمینہ لگا کر ان متاثرین کی بھی امداد کی جائے ، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں، انہوں نے اے این پی کے کارکنوں و عہدیداروں کوچترال میں بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کیلئے ہدایات بھی جاری کی ہیں۔