مورخہ یکم اپریل 2016ء بروز جمعہ
خیبر پختونخوا میں ٹارگٹ کلرز کا راج ہے، حکومت کو زبانی جمع خرچ سے نکلنا ہوگا ،سردار حسین بابک
بدامنی نے صوبے کی معاشی حالت کمزور کر دی ہے، حکومت کو سنجیدہ اور ذمہ دارانہ پالیسی اپنا نا ہو گی
عوام کبھی بھی اتنے مایوس نہیں ہو ئے، حکومت کو لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ذمہ داری قبول کرنا ہوگی
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے صوبے میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی فوری روک تھام کیلئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے نجی یونیورسٹی کے پرنسپل کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبے بالخصوص پشاور میں بھتہ خوروں کا راج ہے اورحکومت نام کی کوئی چیز نہیں شہریوں کو ٹارگٹ کلرز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی جان و مال کی حفاظت میں ناکام ہو گئی ہے ،انہوں نے کہا کہ بم حملے ، اغواء برائے تاوان ، رہزنی ، ٹارگٹ کلنگ اور ڈکیتیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور صوبائی حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔سردار بابک نے کہا کہ صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی سے صوبے کے حالات دن بہ دن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ صوبے میں خوف و ہراس پھیلتا جا رہا ہے اور عوام عدم تحفظ کے شکار ہیں۔صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے کیونکہ بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے لوگوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ اُنہوں نے صوبائی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بدامنی اور عدم تحفظ کے ماحول پرصوبائی حکومت تماشائی بنی بیٹھی ہے جبکہ دہشتگردی اور بدامنی نے صوبے کے معاشی حالت کو کمزور بنا دیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت کو بدامنی پرکنٹرول کرنے کیلئے فوری اور عملی اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ جبکہ موجودہ صورتحال کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اور ذمہ دارانہ رویہ اور پالیسی اپنا نا ہو گی۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور پر امن ماحول فرہم کرنے کیلئے زبانی جمع خرچ سے نکلنا ہوگا۔
سردار حسین بابک نے مزید کہا کہ عوام کبھی بھی اتنے مایوس نہیں ہو ئے تھے جتنے اس دور میں نظر آرہے ہیں اور موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے نالاں عوام اب اے این پی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو لوگوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ذمہ داری قبول کرنا ہوگی اور موجودہ حکومت کو بدامنی ختم کرنے اور بدامنی کے خلاف لڑنے کیلئے اے این پی کی پالیسی اور ذمہ داری کی تقلید کرنا ہوگی۔