مورخہ : 7.4.2016 بروز جمعرات

کسٹم ایکٹ بارے صد ر پاکستان کے بیان اور وضاحت سے صوبائی حکومت کی قلعی کھل گئی
اے این پی کسی کو بھی صوبے کے عوام کیساتھ زیادتی کرنے نہیں دے گی،یاسمین ضیاء

پشاور(پ،ر) عوامی نیشنل پارٹی کی سابقہ خاتون ممبر صوبائی اسمبلی یاسمین ضیاء نے کہا ہے کہ کسٹم ایکٹ بارے پاکستان کے صدر ممنون حسین کے حالیہ بیان اور وضاحت سے صوبائی حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں کی قلعی کھل گئی ہے،جس سے ثابت ہوگیا کہ حزب اقتدار کی تینوں جماعتیں اس ظالمانہ ایکٹ کے نفاذ میں برابر کی شریک ہیں،اے ،این،پی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پختونوں کی نمائندہ جماعت اے این پی کسی کو بھی صوبے کے عوام کیساتھ ظلم کرنے نہیں دے گی،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی دوغلی پالیسی اور جھوٹ سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کررہی ہے،تاہم عوام اب اپنے دوست اور دشمن کو اچھی طرح جان چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ کسٹم ایکٹ کے خلاف اے، این، پی پہاڑ کی طرح مضبوط کھڑی ہے اور عوام کی خاطر ہرقربانی دینے کے لیے تیارہے،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں ملاکنڈ ڈویژن کے عوام نے دی ہیں،وہاں کے عوام کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج دینے کی بجائے الٹا ان سے اپنے خون پسینے کی کمائی بھی چھینی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ جب تک مرکزی اور صوبائی حکومتیں اس ظالمانہ ایکٹ کو واپس نہیں لیں گی اے این پی کا احتجاج جاری رہے گا۔