مورخہ 14مارچ 2016ء بروز پیر
کان کنوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہارون بشیر بلور
صوبائی حکومت جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کیلئے مالی امداد کے ساتھ مزدوروں کے تحفظ کیلئے بھی اقدامات کرے
اے این پی نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کی سیاست کی ہے اور اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی فریضہ انجام دیتی رہے گی
سانحہ اورکزئی ایجنسی کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، مزدوروں کے محفوظ مستقبل کیلئے خصوصی پیکج دیا جائے

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہارون بشیر بلور نے اورکزئی ایجنسی میں کوئلے کی کان کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین کیلئے امدادجبکہ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے ، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ مزدوروں کیلئے یہ کام انتہائی کٹھن ہے جبکہ اس سے ان کیلئے صحت کے پیچیدہ مسائل بھی جنم لیتے ہیں تاہم انہیں کام کی جو اجرت دی جاتی ہے وہ دو وقت کی روٹی کیلئے بھی ناکافی ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان مزدوروں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے ، صوبائی ترجمان نے کہا کہ مزدوروں میں اورکزئی سانحے کے بعد کے بعد جو عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے اس کے خاتمے کیلئے حکومت کو آگے آنا ہو گا اور ان کے بہتر اور محفوظ مستقبل کیلئے انہیں خصوصی پیکجز دینا ہونگے ،انہوں نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کے تحفظ کی سیاست کی ہے اور اب اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی غریب عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔