مورخہ : 9.4.2016 بروز ہفتہ

پی کے 8 کے مسائل کے حل کیلئے حقیقی نمائندے کے طور پر خدمات سرانجام دوں گا۔ اعجاز سیماب
آج وہ لوگ بھی میدان میں ہیں جنہوں نے حکومتی عہدوں پر فائز رہنے کے باوجود عوام کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔
سیاسی کارکن اور سوشل ورکر کی حیثیت سے ہر وقت حلقے کے عوام کیساتھ کھڑا رہا۔

پشاور(پریس ریلیز) پشاور کے حلقہ پی کے 8 کیلئے عوامی نیشنل پارٹی کے نامزد اُمیدوار اعجاز احمد سیماب نے کہا ہے کہ حلقے کے سابقہ نمائندوں نے علاقے کے عوام اور ان کے مسائل کے حل کیلئے عملاً کچھ بھی نہیں کیا اور اسی طرز عمل کا نتیجہ ہے کہ پی کے 8 مسائل کا آماجگاہ بنا ہوا ہے اور عوام ان نمائندوں پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہیں جنہوں نے سابقہ حکومتوں کا حصہ رہنے کے باوجود علاقے کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات سے گریز کی روش اپنائی۔
پی کے 8 کی انتخابی مہم کے دوران وفود اور کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں بعض ایسے اُمیدوار بھی میدان میں نکل آئے ہیں جو کہ ماضی کی حکومتوں میں نہ صرف یہ کہ ممبران اسمبلی رہے ہیں بلکہ اہم سرکاری عہدوں سے بھی مستفید ہوئے تاہم اُنہوں نے حکومتوں میں رہنے کے باوجود اجتماعی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کیلئے عملاً کچھ بھی نہیں کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ اُنہوں نے اے این پی کے ایک ادنیٰ کارکن اور سوشل ورکر کی حیثیت سے علاقے کی ترقی کیلئے دن رات کوششیں کیں اور ہر وقت عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اے این پی کی قربانیاں اور پالیسیاں پشتونوں اور صوبے کے مفادات اور حقوق کی نگہبان ہیں اور وہ اپنے حلقے کے کارکنوں اور عوام کے تعاون سے ان پالیسیوں اور قربانیوں کو مشعل راہ بنا کر عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔