مورخہ : 18.4.2016 بروز پیر

پی کے 8 پشاور کے آزاد اُمیدوار میاں ظاہر گل اے این پی کے اُمیدوار کے حق میں دستبردار
صوبے کا اجتماعی سیاسی ماحول تبدیل ہو کر رہ گیا ہے۔ہارون بشیر بلور

پشاور ( پریس ریلیز) پشاور کے حلقہ پی کے 8 کیلئے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے آزاد اُمیدوار میاں ظاہر گل اے این پی کے نامزد اُمیدوار اعجاز احمد سیماب کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں۔
اے این پی سیکرٹریٹ سے جاریکردہ بیان کے مطابق میاں ظاہر گل نے اے این پی کے اُمیدوار کے حق میں دستبرداری کا اعلان ایک تقریب کے دوران کیا جس میں دوسروں کے علاوہ اے این پی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہارون بشیر بلور اور اعجاز سیماب بھی شریک ہوئے۔
میاں ظاہر گل نے اس موقع پر کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی اے این پی کے اُمیدوار اعجاز سیماب کی نہ صرف یہ کہ حمایت کریں گے بلکہ ان کی انتخابی مہم میں خود بھی حصہ لیں گے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ہارون بشیر بلور نے کہا کہ اے این پی اس صوبے اور خطے کے حقوق کی نگہبان جماعت ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ عوام کی بڑی تعداد پارٹی میں شامل ہو رہی ہے اور صوبے کا اجتماعی سیاسی ماحول تبدیل ہو کر رہ گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پی کے 8 کے عوام کودوسرے اُمیدواروں کے پس منظر اور ترجیحات کا بخوبی علم ہے اور اے این پی کا اُمیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگا۔