مورخہ : 6.5.2016 بروز جمعہ

پی کے 8 میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے انتظامات کا مکمل جائزہ لیا گیا۔
الیکشن کمیٹی کی جانب سے حلقہ میں جاری انتخابی مہم پر اطمینان کا اظہار
الیکشن کمیٹی اور الیکشن کے دن نگرانی کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔

پشاور (پریس ریلیز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی کی ہدایات کے مطابق پی کے 8 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کا ایک خصوصی اجلاس باچا خان مرکز میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے صدارت پی کے 8 ضمنی انتخابات کمیٹی کے چیئرمین خوشدل خان ایڈوکیٹ نے کی۔ اس موقع پر اے این پی کے مرکزی سیکرٹری مالیات ارباب محمد طاہر خان خلیل ، صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور ، ملک نسیم ، ارباب نذیر ، جمیلہ گیلانی ، شازیہ اورنگزیب اور شگفتہ ملک بھی موجود تھیں۔اجلاس میں پارٹی اراکین کی جانب سے حلقہ میں جاری انتخابی سرگرمیوں اور مہم پر اطمینان کا اظہار کیاگیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خوشدل خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ پی کے 8 ضمنی انتخابات میں پارٹی تنظیموں کی دلچسپی اس امر کی غماز ہے کہ اس وقت ہر طرف اے این پی ہی نظر آرہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک سیاسی کارکن کا بنیادی کام ووٹر تک پہنچنا اور پارٹی پیغام پہنچانا ہوتا ہے۔ پی کے 8 میں یہ عمل کامیابی سے جاری ہے اور اس کے ثمرات 12 مئی کو انتخابات کے دن سامنے آئینگے۔ اجلاس میں 12 مئی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں پولنگ سٹیشنز کے حوالے سے ذمہ داریاں تقسیم کی گئیں۔اُنہوں نے کہا کہ اے این پی نے ایک ادنیٰ کارکن اور سوشل ورکر کی حیثیت سے علاقے کی ترقی کیلئے دن رات کوششیں کیں اور ہر وقت عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اے این پی کی قربانیاں اور پالیسیاں پشتونوں اور صوبے کے مفادات اور حقوق کی نگہبان ہیں اور وہ اپنے حلقے کے کارکنوں اور عوام کے تعاون سے ان پالیسیوں اور قربانیوں کو مشعل راہ بنا کر عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔اجلاس میں کہا گیا کہ پارٹی پی کے 8 کے ضمنی الیکشن میں کارکنوں ، پارٹی تنظیموں ، ذیلی تنظیموں اور عوام کے تعاون سے بھرپور شرکت کرے گی اور اپنے اُمیدوار کی کامیابی کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلائی جائیگی۔