مورخہ : 5.3.2016 بروز ہفتہ

پولیس سپیشل فورس کی تنخواہوں کی بندش افسوسناک ہے۔ ہارون بشیر بلور
دہشتگردی کی مزاحمت اور امن کے قیام کیلئے فورس کا کردار انتہائی اہم اور کلیدی رہا ہے۔
حکومت ملازم کش پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ فورس کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور ملازمین کو مستقل کیا جائے۔

پشاور (پریس ریلیز ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے پولیس سپیشل فورس کی تنخواہوں کی بندش پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبے کے مخصوص حالات کے باوجود ملازم کش پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کی وجہ سے سرکاری ملازمین اور اداروں میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔
اپنے ایک بیان میں اُنہوں نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی مزاحمت اور امن کے قیام میں بعض دیگر متعلقہ اداروں کے علاوہ پولیس سپیشل فورس کا انتہائی اہم اور کلیدی کردار رہا ہے اور اس فورس نے سخت اور مشکل حالات میں جانوں کے نذرانے دے کر عوام کو تحفظ فراہم کیا تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ اس فورس کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں مل رہی ہیں اور سینکڑوں اہلکاروں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا گیا۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ حکومت کے غیر ذمہ دارانہ اور ملازم کش رویے نے اداروں کی کارکردگی کو متاثر کر کے رکھ دیا ہے اور لگ یہ رہا ہے جیسے موجودہ حکومت کو صوبے کے مخصوص حالات اور خطرات کا اندازہ نہیں ہے۔
اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ فورس کو فوری طور پر نہ صرف یہ کہ تنخواہیں جاری کی جائیں بلکہ اس میں اضافہ بھی کیا جائے اور فورس کی ضرورت اور اہمیت کے پیش نظر فورس کے اہلکاروں کو مستقل کیا جائے تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو اور ان کی قربانیوں اور خدمات کا اعتراف بھی کیا جا سکے۔