مورخہ : 3.4.2016 بروز اتوار
پختون قوم بیدار ہو چکی ہے اور اب وہ کسی کے جھوٹے دعوؤں اور وعدوں میں نہیں آئیں گے۔ حیدر خان ہوتی
صوبے کے حالات بدترین ہوتے جا رہے ہیں۔ سی پیک ، مردم شماری ، امن و امان اور تعلیم و صحت جیسے ایشوز پر صوبے کے مفادات داؤ پر لگے ہوئے ہیں۔
عوام اور نوجوانوں کو 2013 میں تبدیلی کے نام پر بہکایا گیا تھا تاہم اب صوبے کے عوام اپنے فیصلے پر پچھتارہے ہیں

پشاور( پریس ریلیز ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی ایم این اے نے کہاہے کہ پختون قوم بیدارہوچکی ہے باچاخان اور رہبرتحریک خان عبدالولی خان نے پختونوں کے باہمی اتفاق اور اتحاد کے لئے جو جدوجہد شروع کی تھی اب وہ تحریک رنگ لے آئی ہے۔ پختون کسی کے جھوٹے دعوؤں اور وعدوں میں مزید نہیں آئیں گے۔ وہ گذشتہ روز اپنے حلقہ نیابت کے علاقہ مسلم آباد میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس میں سینکڑوں افرا دنے مختلف جماعتوں سے مستعفی ہوکر اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پارٹی کے صوبائی نائب صدر جاوید یوسفزئی ،ضلعی صدر ڈسٹرکٹ ناظم حمایت اللہ مایار،علی خان ،اورضلع کونسل ممبر قیصر خان نے بھی خطاب کیا۔ امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی سے دواضلا ع واپس لئے گئے ہیں 2018میں تمام صوبے کے اختیارات بنی گالہ سے واپس لے کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں خیبرپختون خوا وزیراعظم کے انتخاب میں اہم اوربنیادی کردارہوگا۔امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ وفاقی حکومت کی تمام توجہ ، پراجیکٹس اور ترجیحات کا مرکز پنجاب ہے جبکہ عمران خان صوبہ خیبر پختونخوا کے مسائل اور ایشوز سے لاتعلق پر مبنی رویے پر گامزن ہیں۔ صوبے کے حالات بدترین ہوتے جا رہے ہیں۔ سی پیک ، مردم شماری ، امن و امان اور تعلیم و صحت جیسے ایشوز پر صوبے کے مفادات داؤ پر لگے ہوئے ہیں تاہم دونوں حکومتوں کو صوبے اور فاٹا کے معاملات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں جبکہ ہمارے صوبے کی حالت یہ ہے کہ حکمرانوں نے ہمارے اساتذہ ، والدین اور طلباء کے ہاتھوں میں بندوقیں تھمادی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام اور نوجوانوں کو 2013 میں تبدیلی کے نام پر بہکایا گیا تھا تاہم اب صوبے کے عوام اپنے فیصلے پر پچھتارہے ہیں اب پختون بیدار ہوچکے ہیں اور وہ کسی کے جھوٹے دعوؤں اور وعدوں میں نہیں آئیں گے انہوں نے کہاکہ اے این پی کے دور حکومت میں ہرطرف ترقی کا دوردورہ تھا تبدیلی والوں کے دور میں ترقی کا پہیہ رک گیاہے موجودہ دور میں کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیاگیا بلکہ ہمارے ترقیاتی منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان وزیراعظم بننے کے لئے پنجاب کی سیاست کررہے ہیں جبکہ میاں نوازشریف اپنی کرسی بچانے میں لگے ہوئے ہیں دونوں کو پختون قوم کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔دریں اثناء اے این پی کے صوبائی صدر امیرحیدرخان ہوتی نے نواب علی روڈ کے جامع مسجد میں اپنے والد اعظم خان ہوتی مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی تقریب میں شرکت کی جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر مرحوم اعظم خان ہوتی کی ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اورپارٹی کے لئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاگیا اس موقع پر شہریوں میں خیرات بھی تقسیم کی گئی ۔