مورخہ : 15.4.2016 بروز جمعہ

پختونخوا اور پورے ملک میں دہشتگردی کی بیخ کنی کیلئے پنجاب میں موثر آپریشن لازمی ہے۔ زاہد خان
ووٹ حاصل کرنے کیلئے پنجاب حکومت کا نرم رویہ ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہے۔
پنجاب حکومت مصلحت کی بجائے فورسز اور متعلقہ سول اداروں کو مدد فراہم کرے۔

پشاور(پریس ریلیز) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد خان نے جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلا ف کاروائیوں میں قومی سلامتی کے اداروں کے جوانوں اور افسران کی جوانمردی اور دلیری کو خراج تحسین اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے ووٹ حاصل کرنے کی کمزور پالیسی ملک اور قوم دونوں کیلئے نقصان دہ ہے۔وزیر اعلی پنجاب فوری طور پر ایپکس کمیٹی کااجلاس منعقد کر کے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرنے کیلئے قومی اداروں کو بااختیار بنائیں اور صوبائی حکومت سول ایجنسیوں اور سول انتظامیہ کی قومی سلامتی اداروں کو مکمل مدد فراہم کرے۔زاہد خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی حکومت نے جس جذبے اورجرأت کے ساتھ پر عزم ہو کر دہشت گردوں کے خلاف اقدامات اٹھائے ۔ پنجاب حکومت بھی قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر پنجاب میں سخت آپریشن کرے۔زاہد خان نے کہا کہ اے این پی سمجھتی ہے کہ جب تک پنجاب میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو مکمل تباہ نہیں کیا جاتا صوبہ خیبر پختون خوا میں بھی دہشت گردی کے واقعات بڑھتے رہیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں کی روزانہ ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے۔زاہد خان نے مطالبہ کیا کہ قومی ادارے صوبہ پختونخوا میں بھی سخت آپریشن جاری رکھیں۔