مورخہ : 21.3.2016 بروز پیر

نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی تعلیمات کی روشنی میں آگے بڑھ کر اپنا قومی کردار ادا کرنا ہوگا۔ سردار حسین بابک
اے این پی کو سیاسی شعور کی آگاہی میں نوجوانوں کے کردار اور اہمیت کا پورا ادراک ہے۔
نیشنل یوتھ آرگنائزیشن نوجوان طبقے کی نمائندگی میں بھرپور کردار ادا کرتی آ رہی ہے۔
این وائی او کے تربیتی اجلاس سے خطاب

پشاور ( پریس ریلیز ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ نوجوان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہوا کرتے ہیں۔ اس لیے اُن کے جوان جذبوں اور صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لانے چاہئیں ۔ یہ باتیں اُنہوں نے باچا خان مرکز میں پشاور سٹی اور ضلع پشاور کے نیشنل یوتھ آرگنائزیشن کی کابینہ کے تربیتی اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پر این وائی او کے صوبائی صدر سنگین خان ایڈوکیٹ اور این وائی او کے صوبائی ایڈوائزر ہارون بشیر بلور بھی موجود تھے۔اُنہوں نے کہا کہ اے این پی ایک منظم اور جمہوری قوت ہے اور نوجوانوں کے کردار سے کسی طور انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پارٹی پالیسیوں اور تحریک کی تاریخ سے اپنا قریبی رشتہ استوار کرنا ہوگا تاکہ وہ اسلاف کی قومی جدوجہد اور پختونوں کیلئے ان کی قربانیوں اور کوششوں سے بخوبی آگاہ ہو سکیں۔
اُنہوں نے کہا کہ این وائی او کے نوجوان میڈیا پر کلیدی کردار ادا کررہے ہیں اوراُن کا اپنے کام کو مزید موثر اور نظم و ضبط بنانے کیلئے دلچسپی لینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اے این پی کی ذیلی تنظیم این وائی او نوجوانوں کی مضبوط اور منظم شکل میں کردار قابل ستائش ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ پختون نوجوانوں میں ذہنی شعور ، تاریخ سے قریبی وابستگی اور اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چل کر پختونوں کے حقوق اور درپیش مشکلات کو حل کرنے کیلئے نہایت کامیابی سے آگے چل رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پختون نوجوانوں کا این وائی او میں روزانہ کی بنیاد پر شامل ہونا اور نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ، صوبے اور فاٹا میں تنظیمی ڈھانچوں کو مکمل کرنا کامیابی کی علامات ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پختون نوجوانوں کا این وائی او پر اعتماد اور نیشنل یوتھ کے فلیٹ فارم سے مشرقی سوچ کو اُجاگر کرنا نہایت ہی حوصلہ افزاء ہے۔