مورخہ : 15.4.2016 بروز جمعہ

نواز شریف اور عمران خان پشتونوں کے حقوق کے محافظ نہیں بن سکتے ۔ غلام احمد بلور
دونوں رہنما پنجاب کی خوشنودی کیلئے کاریڈور کے منصوبے میں صوبہ پختونخوا کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔
اے این پی نے اٹھارویں آئینی ترمیم منظور کروائی مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔ نیشنل یوتھ آرگنائزیشن کی تنظیمی تقریب سے خطاب

پشاور ( پریس ریلیز ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ پختونخوا اور پختون قوم کو اپنے مسائل کے حل اور روشن مستقبل کیلئے عوامی نیشنل پارٹی کے جھنڈے تلے متحد ہونا ناگزیر ہے۔ اُنہوں یہ بات قادرآباد پشاور میں نیشنل یوتھ آرگنائزیشن کی تنظیم سازی کے موقع پر ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں اے این پی پشاور سٹی کے صدر ملک غلام مصطفیٰ ، نیشنل یوتھ صوبائی صدر سنگین خان ایڈوکیٹ اور سٹی ڈسٹرکٹ کے جنرل سیکرٹری سرتاج خان بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان پختونخوا کے حقوق کے محافظ نہیں ہو سکتے کیونکہ ان کا اصل ہدف چھوٹے صوبوں کی قیمت پر اپنی حکمرانی اور پنجاب کے مفادات کو تحفظ دینا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ باچا خان اور ولی خان کی صد سالہ جدوجہدکو آگے بڑھاتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی نے صوبائی حقوق کیلئے اٹھارویں ترمیم منظور کروائی لیکن آج بھی امن کو پس پست ڈال کر نواز شریف اور عمران خان پنجاب کی خوشنودی کیلئے چارہزار چھ سو ارب کے پاک چائنہ اکنامک کاریڈور کے منصوبے میں پختونخوا کے حق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں اور صوبے کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ صوبے کے حقوق پر لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں اور عوامی نیشنل پارٹی اس کی بھرپور مزاحمت کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے بہتر مستقبل کے حقوق کی حفاظت ، روزگار ، ترقی اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کردار ادا کرنا ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبے کی عوام کی نظریں عوامی نیشنل پارٹی پر ہیں اور نیشنل یوتھ آرگنائزیشن کے سائے تلے نوجوانوں کا فعال کردار خطے کے سیاسی مستقبل کا تعین کرنے کا ایک موثر ذریہ ہے۔ اجتماع سے ملک مصطفیٰ ، سنگین خان ایڈوکیٹ ، سرتاج خان اور این وائی او سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر سعید خان نے بھی خطاب کیا۔