مورخہ : 10 مئی 2016 بروز منگل

ناتجربہ کار سکول چوکیداروں کو بندوق دیکر حکومت کیا پیغام دینا چاہتی ہے؟
ایسے افسوسناک واقعات روزانہ کا معمول بن گئے ہیں حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے۔
خدوخیل میں جی جی پی ایس قاسم خیل کے چوکیدار کی وفات پر دُکھ اور افسوس کا اظہار ۔ سردار حسین بابک

پشاور ( پریس ریلیز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے خدو خیل بونیر میں گورنمنٹ گرلزپرائمری سکول قاسم خیل کے چوکیدار کی وفات پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت سکول کے چوکیداروں کو بندوق دیکر اپنے آپ کو بری الزمہ قرار دے رہی ہے۔ اُنہوں نے اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناتجربہ کار سکول چوکیداروں کو بندوق دیکر حکومت کیا پیغام دینا چاہتی ہے۔ اُنہوں نے مرحوم کے لواحقین کو صبرو جمیل عطا کرنے کی دُعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے غیر ذمہ داری اور نا اہلی کی وجہ سے صوبے کے طول و عرض میں اس طرح کے افسوسناک واقعات رونما ہوتے ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی۔اُنہوں نے کہا کہ سکول چوکیداروں کو بندوقیں دیکر تحفظ کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا بلکہ خوف و ہراس پھیلانے اور اس طرح کے واقعات رونما ہونے کے امکانات زیادہ بنتے جا رہے ہیں۔