مورخہ 17فروری 2016ء بروز بدھ

 سپیشل پولیس فورس کے اہلکاروں کی تنخواہوں کی بندش افسوسناک ہے ، ہارون بشیر بلور
اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دیگر سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ،
اہلکار سالہا سال ڈیوٹی دینے کے بعد پولیس قوانین اور قواعد و ضوابط سے پوری طرح آگاہ ہو چکے ہیں
صوبائی حکومت امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سپیشل پولیس فورس کی بلاتاخیر مستقلی کے احکامات بھی جاری کرے۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہارون بشیر بلور نے سپیشل فورس کی تنخواہوں کی بندش پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سپیشل فورس کا کردار انتہائی اہم رہا ہے اور انتہائی سخت اور کٹھن حالات میں انہوں نے ملک و قوم کیلئے قربانیاں دی ہیں ،اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سپیشل پولیس فورس کے اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور پولیس فورس کے ایک اہم دستے کی حیثیت سے ہمیشہ دیگر سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ سپیشل فورس کے اہلکاروں نے پولیس فورس کی تعداد میں کمی کے باوجود ان کے ہمراہ تمام مشکل حالات میں ان کا ساتھ دیا اور ہمیشہ مردانہ وار مقابلے کیلئے سپیشل فورس کے اہلکار فرنٹ لائن پر رہے، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پولیس اہلکاروں کی تعداد میں کمی نظر آ رہی ہے لہٰذا صوبائی حکومت کو اس اہم مسئلہ پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے سپیشل پولیس فورس کے اہلکاروں کی تنخواہوں کے فوری اجراء کے احکامات جاری کرنے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ یہ اہلکار سالہا سال سے کام کرنے کی وجہ سے نہ صرف پولیس قوانین کے قواعد و ضوابط سے پوری طرح با خبر ہو چکے ہیں بلکہ اب یہ ایک تجربہ کار فورس بھی بن گئی ہے،انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ سالہا سال سے قربانیاں دینے والے اس سپیشل فورس کے اہلکاروں کو تاحال مستقل نہیں کیا گیا ، صوبائی ترجمان نے حکومت سے مطالبہ کیا سپیشل فورس کے اہلکاروں کی مستقلی کے احکامات جلد از جلد جاری کر کے ان کی تنخواہوں کے اجراء کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔