haider Khan pic

مورخہ 7فروری 2016ء بروزاتوار
دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، امیر حیدر خان ہوتی
امن کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا رہے گا،دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے تعلیم سے بہتر کوئی ہتھیار نہیں ہے
نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کئے بغیر دہشت گردی پر قابو نہیں پایا جا سکتا، اجمل خٹک کی برسی تقریب سے خطاب
پشاور ( پ ر ) پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدرامیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کئے بغیر دہشت گردی پر قابو نہیں پایا جا سکتا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکوڑہ خٹک میں پشتو کے نامور شاعر ادیب اور فلسفی اجمل خٹک مرحوم کی چھٹی برسی کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ، امیر حیدر خان ہوتی نے اجمل خٹک مرحوم کی سیاسی زندگی پر روشنی ڈالی اور ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اجمل خٹک مرحوم فخر افغان باچا خان ؒ کے بعد پاکستان اور افغانستان میں ایک اہم لیڈر کی حیثیت سے پہچانے جاتے تھے اور ایک انقلابی سیاستدان بھی تھے، انہوں نے کہا کہ اجمل خٹک کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ان کی زندگی کے کئی پہلو تھے، اجمل خٹک نے نچلے طبقے سے سیاست کا آغاز کیا لہٰذا آج کے دور میں غریب عوام کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ انہیں اپنا مقام حاصل کرنے کیلئے اجمل خٹک کو مشعل راہ بنانا ہو گا،انہوں نے مزید کہا کہہم نے اپنے پانچ سالہ دور میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ کی اور ہر فورم پر آواز اٹھائی کہ دہشت گرد ہمارے دشمن ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے لیکن اس وقت ہماری بات تسلیم نہیں کی گئی اور اسے امریکہ کی جنگ کہا گیا تاہم یہ بات خوش آئند ہے کہ بعد ازاں انہی سیاسی جماعتوں نے اے این پی کی پالیسیوں کی تائید کی،امیر حیدر ہوتی نے دہشت گردی کے خاتمہ اور قیام امن کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ کسی بھی معاشرے میں امن کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا رہے گااور دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ،انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تعلیم ہی موثر کردار ادا کرسکتی ہے اور دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے تعلیم سے بہتر کوئی ہتھیار نہیں ہے، اسی وجہ سے اے این پی نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں یونیورسٹیوں کا قیام ضروری سمجھا اور اس پر عملی طور پر کام کیا جس کی وجہ سے آج صوبے میں یونیورسٹیوں کی تعداد دگنی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پشتون معاشرے میں ترقی سے پہلے تعلیم کا حصول پختون قوم کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ باچاخان نے پشتون قوم کو عدم تشدد کا فلسفہ دیا تاکہ پختون قوم میں امن سے متعلق شعور عملی طور لایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کیلئے مرحوم اجمل خٹک کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور پختونوں کو ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے اجمل خٹک کو اپنا مشعل راہ بنانا چاہئے۔