مورخہ : 5.4.2016 بروز منگل

درجنوں افراد شدید بارشوں سے جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ حکمرانوں کو میلوں ، سیروتفریح سے فرصت نہیں۔ہارون بلور
شدید زخمی بڑی تعداد میں ہسپتالوں میں بے یارو مدد گار پڑے ہوئے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
صوبے کے عوام کو تاریخ کی بے حس ترین حکومت کا سامنا ہے۔ اے این پی عوام کیساتھ کھڑی رہے گی۔

پشاور(پ،ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیربلور نے کہاہے کہ صوبے میں حالیہ شدیدبارشوں، سیلاب اور طوفان سے ستر سے زائد لوگ جاں بحق ہوگئے ہیں ،سینکڑوں گھرانے بے گھر اور سینکڑوں افراد شدیدزخمی ہوئے ہیں جو اب بھی ہسپتالوں میں بے یارو مددگار پڑے ہوئے ہیں مگر دوسری جانب صوبائی حکومت اتنی بے حس ہوچکی ہے کہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں بھی اسے ہنرمیلوں اور سیر وتفریح سے فرصت نہیں ملتی،اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ اپنے بیان میں صوبائی ترجمان نے کہا کہ پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان کی طرف سے پارٹی کے تمام کارکنوں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ آزمائش کی اس گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن مدد کریں اور زخمی افراد کو خون کا عطیہ دیں، ہارون بشیربلور نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت کی دعا اور متا ثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حسب روایت اے این پی صوبے کے عوام کے ہر دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور ہرقسم حالات میں اپنے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی،انہوں نے کہا تبدیلی اور انصاف کے نام پرپختونوں سے ووٹ لینے والی حکومت کو عوام کے دکھ درد کا احساس نہیں ہے کیوں کہ ان حالات میں بھی اس کے وزراء اور ممبران اپنے لیے تفریح کے مواقع ڈھونڈ رہے ہیں، انہوں نے کہا صوبے کی تاریخ میں اتنی بے حس حکومت نہیں آئی ہے جس قدر موجودہ حکومت بے حسی اورلاپرواہی کا مظاہرہ کررہی ہے۔اور اسی کا نتیجہ ہے کہ بے بس عوام کا موجودہ حکومت پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے اور صوبے کے عوام کی نظریں اب ایک بار پھر اے این پی پر لگی ہوئی ہیں ۔