مورخہ 22اپریل 2016ء بروز جمعہ
خیبر بنک لوٹنے والوں کو اے این پی پر کرپشن کے الزامات زیب نہیں دیتے ، ہارون بشیر بلور
امریکی ڈالروں پر جہاد اور دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والے ہمارے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں
قوم کو جلد کرپٹ اور دہشت گردی کو سپورٹ کرنے والی جماعت اسلامی کی حقیقت معلوم ہو جائے گی
کرپشن فری پاکستان کی نام نہاد مہم کے نام پر اب قوم کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا

پشاور( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہارون بشیر بلور نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے ساری زندگی عوام کے دلوں پر نہیں بلکہ سہاروں کی بنیاد پر سیاست کی ہے اور زندگی بھر دہشت اور وحشت کی وکالت کرنے والی جماعت کبھی عوام میں مقبول نہیں رہی پانچ سال تک الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کے باوجود ایک ضلع تک محدود جماعت اسلامی کو اے این پی کے خلاف نا زیبا زبان استعمال کرنا زیب نہیں دیتا ، جماعت اسلامی کے رہنما مشتاق احمد خان اور صابر حسین کی جانب سے اے این پی کے خلاف ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صرف ایک ضلع تک محدود پارٹی کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ تنگ نظری اور انتہا پسند ا نہ سوچ نے اس جماعت کو محدود سے محدودتر کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکی ڈالروں پر جہاد کرنے والے اور دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے آ ج ایک ایسی جماعت کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں جس نے ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ہمیشہ دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم در اصل اس جماعت کا وطیرہ ہی نہیں کیونکہ ان کے اپنے وزرا کرپشن میں ملوث ہیں اور اس نام نہاد مہم کے نام پر عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا ، انہوں نے کہا کہ روس اور امریکہ کی جنگ میں امریکی ایما پر جہاد فی سبیل اللہ کا نعرہ لگانے والی جماعت کون سے اسلام کی جنگ لڑ رہی ہے ، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ حالیہ واقعات میں خیبر بنک سکینڈل میں جماعت اسلامی کے وزیر پر کرپشن کا الزام ہے اور یہ الزام خیبر بنک کے ایم ڈی کی جانب سے لگایا گیا ہے ،انہوں نے کہا جن کا اپنا دامن داغدار ہے وہ کسی دوسرے پر الزام کس منہ سے لگا رہے ہیں خیبر لیکس کا معاملہ آج زبان زد عام ہے اور وہ دن دور نہیں جب قوم کو اس کرپٹ اور دہشت گردی کو سپورٹ کرنے والی جماعت کی حقیقت معلوم ہو جائے گی ، انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر سیاست کرنے والی جماعت نے اس خطے میں شدت پسندی کو تقویت دی ہے اور اس کے برعکس عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے سروں کے نذرانے دے کر دہشت گردی کی نہ صرف مخالفت کی ہے بلکہ ملک وقوم کی خاطر کھلے عام اس کے خلاف مزاحمت بھی کی ہے ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو دولخت کرنے الشمس اور البدر جیسی تنظیمیں پیدا کرنے اور بنگلہ دیش بنوانے میں اہم کردار ادا کیا اور جب دہشت گردی عروج پر تھی تو دہشتگردوں نے مذاکرات کیلئے جن لیڈروں کے نام لئے ان میں جماعت اسلامی سر فہرست تھی۔انہوں نے کہا کہ اس جماعت کا اپنا گریبان تار تار ہے وہ اے این پی پر کرپشن کے الزامات کیسے لگا سکتی ہے ،انہوں نے کہا کہ 2013کے الیکشن میں بندوق کی نوک پر اکثریت چھیننے والوں کی خاص مہربانی کے باوجود جماعت اسلامی اکثریت حاصل نہیں کر سکی جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ جماعت اسلامی عوام کی سب سے ناپسندیدہ جماعت ہے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو دوسروں کو برا بھلا کہہ کر اپنی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کی بجائے اپنی سیاست پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔