مورخہ 7مارچ 2016ء بروز پیر
خواتین کو حقو ق دئیے بغیر کوئی بھی معاشرہ اور ملک ترقی نہیں کر سکتا ، اسفندیار ولی خان
خواتین کو ان کے جائز حقوق سے مکمل آگاہی کی ضرورت ہے کیونکہ لاعلمی کی وجہ سے ان کے حقوق غصب کئے جاتے ہیں
اے این پی ہمیشہ سے خواتین اور مردوں کی برابری پر یقین رکھتی ہے، اور ہمیں یہ سوچ باچا خان بابا سے ورثے میں ملی ہے
ملکی اور بین الاقوامی سطح پر خواتین نے دہشت گردی کے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور کبھی حوصلے کا دامن ہاتھ سے نہیں جانے دیا
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ خواتین کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا بھر میں رہنے والی تمام خواتین کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دلانے کی کوشش کرنا ہے تا کہ وہ بھی برابری کی بنیاد پر باعزت زندگی گزار سکیں ، عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ آج بھی دنیا بھر اور خصوصی طور پر تیسری دنیا کے اکثر ممالک میں خواتین اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں ، انہوں نے کہا کہ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جس کا کوئی الگ خواتین ونگ نہیں بلکہ بنیادی تنظیم سے لے کر مرکزی تنظیم اور اداروں میں بھی خواتین کو کثیر تعداد میں شریک کیا گیا ہے اور پارلیمانی سیاست میں قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی مناسب حصہ دیا گیا ہے جبکہ بلدیاتی الیکشن میں بھی ان کو بھرپور توجہ دی گئی ہے اور آئندہ بھی دی جائے گی کیونکہ یہ سوچ ہمیں باچا خان بابا اور ولی خان بابا سے ورثے میں ملی ہے ، انہوں نے کہا کہ خواتین صدیوں سے روایتوں کی چکی میں پس رہی ہیں اور رسم و رواج کی زنجیروں میں بندھی اب بھی اپنی شناخت کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، انہوں نے کہا کہ 1977میں اقوام متحدہ نے پہلی بار باقاعدہ طور پر خواتین کے حقوق اور ان کا یوم منانے کیلئے 8مارچ کا دن مخصوص کیا جبکہ اقوام متحدہ کی جانب سے ہر سال اس دن کیلئے خاص موضوع کا انتخاب کیا جاتا رہا ہے ، جبکہ اقوام متحدہ 2017میں عالمی یوم خواتین کی صدی منانے کا اعلان کر چکا ہے،انہوں نے کہا کہ اے این پی ہمیشہ سے خواتین اور مردوں کی برابری پر یقین رکھتی ہے اور خواتین کوعملی سیاست میں کردار ادا کرنے کیلئے تیار کرنے کا سہرا فخر افغان باچاخانؒ کے سر ہے جنہوں نے خدائی خدمتگار تحریک کے ذریعے خواتین کو میدان عمل میں نکلنے کی تعلیم دی ، ‘ انہوں نے کہا کہدہشت گردی کے خلاف خواتین کا کردار مثالی رہا ہے اور کسی بھی موقع پر حوصلے کا دامن ہاتھ سے نہیں جانے دیا خصوصاً دہشت گردی کے واقعات میں اگر باپ نشانہ بنے تو بیٹی بچے شہید ہوں تو ماں اور خاوند شکار ہو تو بیوی غرضیکہ ہر صورت میں عورت ہر متاثر ہوتی ہے تاہم اس تمام صورتحال میں عورت نے ایک مثالی کردار ادا کیا اور کبھی بھی ہمت نہیں ہاری، انہوں نے کہا کہ انسانیت کی بنیاد پر عورت اور مرد انسان ہیں اور ہر انسان کے بنیادی حقوق ہوتے ہیں،خواتین کو جدید خطوط پر معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے ابھی بہت سے اقدامات اٹھانے باقی ہیں جس کیلئے بھرپور جدوجہد کی ضرورت ہے اور اے این پی اس جدوجہد میں فعال کردار ادا کرے گی ، انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے حقوق سے آگاہی کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک دن ہی نہیں بلکہ معاشرے کو اعلیٰ مقام تک پہنچانے کیلئے ہمیں سال بھر خواتین کے حقوق دلانے کی ضرورت ہے تا کہ ایک ترقی یافتہ جدید اور برابری کی بنیاد پر معاشرے کا قیام جلد سے جلد ممکن ہو سکے۔