مورخہ 26فروری 2016ء بروز جمعہ
حکومت کی غفلت کے باعث پشاور فلتھ ڈپو میں تبدیل ہو چکا ہے، ہارون بشیر بلور
شہر میں گندگی کے ڈھیر لگے ہیں، عوام میں پھیلی مایوسی بڑھتی جا رہی ہے

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہارون بشیر بلور نے پشاور میں چوہوں کے کاٹنے سے متعدد افراد اور بچوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ شہر میں فلتھ ڈپو میں تبدیل ہو چکا ہے اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیرلگے ہیں تاہم اس کی صفائی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے انہوں نے حالیہ دنوں میں فقیر آباد میں ایک ہی گھر میں پانچ افراد کے چوہوں کے کاٹنے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اتنے بڑا نقصان ہونے کے باوجود صوبائی حکومت نے آنکھیں موند رکھی ہیں اور عوام کو مرنے کیلئے بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے، صوبائی ترجمان نے کہا کہ تبدیلی اور انصاف کے دعوے شہر مین کہیں بھی نظر نہیں آ رہے اور اب عوام پی ٹی آئی کو اپنے ووٹ دینے کے فیصلے پر پچھتا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پختون قوم باشعور ہے اور وہ اب اپنے فیصلے پر پشیمان ہیں لہٰذاآئندہ الیکشن میں وہ ایسی غلطی نہیں دہرائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو یرغمال بنانے صوبے کے فیصلے بنی گالہ میں کرنے اور سیاسی مفادات کیلئے خیبر پختونخوا کے عوام کو قربانی کا بکرا بنانے کی وجہ سے عوام اب پی ٹی آئی سے نالاں ہیں جبکہ صوبے کی صورتحال بھی بگڑتی جا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال محفوظ نہیں اور عوام کو مہنگائی ، بیروزگاری اور دہشت گردی کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی حالت زار پر توجہ دے اور شہر میں گندگی کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے صفائی مہم پر خصوصی توجہ دے تا کہ قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔