مورخہ 2مارچ 2016ء بروز ہفتہ
حکومت کان کنوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔ ہارون بشیر بلور
جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کیلئے مالی امداد اور مزدوروں کے تحفظ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے
سانحہ اورکزئی ایجنسی کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، مزدوروں کے محفوظ مستقبل کیلئے خصوصی پیکج دیا جائے

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہارون بشیر بلور نے اورکزئی ایجنسی میں ایک بار پھر کوئلے کی کان کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اے این پی متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہے ، ہارون بلور نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین کیلئے امدادجبکہ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے ، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ اے این پی نے گزشتہ ماہ ہونے والے کان کے سانحے میں متعدد مزدوروں کی ہلاکت کے بعد صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ مزدوروں میں احساس محرومی کے خاتمے کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے تاہم بدقسمتی سے حکمرانوں نے اس مسئلے پر توجہ نہ دی ، انہوں نے کہا کہ کان کنوں کیلئے یہ کام انتہائی کٹھن ہے جبکہ اس سے ان کیلئے صحت کے پیچیدہ مسائل بھی جنم لیتے ہیں تاہم انہیں کام کی جو اجرت دی جاتی ہے وہ دو وقت کی روٹی کیلئے بھی ناکافی ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان مزدوروں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے ، صوبائی ترجمان نے کہا کہ مزدوروں میں اورکزئی سانحے کے بعد کے بعد جو عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے اس کے خاتمے کیلئے حکومت کو آگے آنا ہو گا اور ان کے بہتر اور محفوظ مستقبل کیلئے انہیں خصوصی پیکجز دینا ہونگے ،انہوں نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کے تحفظ کی سیاست کی ہے اور اب اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی غریب عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔