Haji Ghulam Bilour pic

مورخہ 4فروری 2016ء بروز جمعرات

حکومت پی آئی اے ملازمین کا مسئلہ طاقت کی بجائے مذاکرات سے حل کرے ۔ حاجی غلام احمد بلور
اے این پی ہڑتالی مزدوروں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،حقوق غصب نہیں ہونے دینگے
مسئلے کو سیاسی رنگ دینا مفاد عامہ کے خلاف ہے، حکومت تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرے
قومی ادارے کی بندش کی وجہ سے ملک کو اربوب روپے روزانہ کا نقصان ہو رہا ہے ، مظاہرین سے خطاب

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور ممبر قومی اسمبلی حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ اے این پی پی آئی اے ملازمین کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے تاہم حکومت کو یہ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہو گا ، ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پی آئی کے ملازمین کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے پُر امن احتجاج ہر کسی کا جمہوری حق ہے اور پُر امن احتجاج پر گولیاں برسانا جمہوریت کے شایان شان نہیں، انہوں نے واقعے میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہارکیا اور کہا کہ یہ مزدوروں کا مسئلہ ہے اور اسے کسی صورت طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو سیاسی رنگ دینا مفاد عامہ کے خلاف ہے لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ احتجاج کرنے والے مزدوروں کے ساتھ مل بیٹھ کر مذاکرات کرے اور تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرے کیونکہ یہی ملک کے بہترین مفاد میں ہے ، حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور اب بھی پی آئی اے کے ہڑتالی مزدوروں کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ ہے انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کسی صورت غصب نہیں ہونے دینگے اور حکومت اس مسئلے کے حل کیلئے فوری طور پر سنجیدگی سے اقدامات کرے ، انہوں نے کہا کہ قومی ادارے کی بندش کی وجہ سے ملک کو اربوب روپے روزانہ کا نقصان ہو رہا ہے۔جو کسی صورت مناسب نہیں۔