مورخہ : 20اپریل 2016ء بروز بدھ
حکمران غربت کی بجائے غریب کو ختم کرنے کے درپے ہیں، ہارون بشیر بلور
حکومت کی نا تجربہ کا ری سے اشیائے ضروریہ غریب عوام کی دسترس سے دور ہوتی جا رہی ہیں
پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کا رکردگی عملی طور پرصفر ہے، مہنگائی پر قابو بانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں

پشاور (پریس ریلیز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہارون بشیر بلور نے صوبے میں بڑھتی مہنگائی پر تشوتش کا اظہارکرتے ہوئے اسے صوبائی حکومت کی نا اہلی قرار دیا ہے ۔اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے صوبائی حکومت کی ناقص کار کردگی اور غریب کش پا لیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام نے حکمرانوں کو اس لئے مینڈیٹ نہیں دیا تھا کہ وہ ان کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ تک چھین لیں ؟انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے دعویدار اور ان کے حواری بنی گا لہ میں عیش و عشرت میں مصروف ہیں اور غریب عوام کو منا فع خوروں کے رحم و کرم پرچھوڑ دیا گیاہے جو دو وقت کی روٹی کو بھی ترس گئے ہیں۔مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں جنگل کا قانون رائج ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں جبکہ حکومت کی قائم کردہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کا رکردگی عملی طور پرصفر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو اب احمقو ں کی جنت سے نکل کر یہ حقیقت مان لینی چا ہئے کہ وہ عوام کا اعتماد کھو چکی ہے اور صوبہ میں اپنی نااہلی کے باعث بری طرح ناکا م ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں مہنگا ئی کے عفریت نے پنجے گاڑھے ہو ئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت سب اچھا ہے کی رٹ لگائے غریب عوام کی خون پسینے کی کمائی اپنے منافع خور چہیتوں کے ذریعے دونوں ہا تھوں سے لوٹنے کے در پے ہے ۔انہوں نے اس امر پر نہایت افسوس کا اظہا ر کرتے ہو ئے کہا کہ حکومت کی نا اہلی ونا تجربہ کا ری کے باعث روز مرہ کی اشیائے صرف دن بہ دن غریب عوام کی دسترس سے دور ہوتی جا رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ صوبے میں سبزیوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں جس طرح اضافہ جا ری ہے ایسے لگتا ہے کہ حکمران غربت کی بجائے غریب کو ختم کرنے کے درپے ہیں ، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے فیصلے جب تک بنی گالہ میں ہوتے رہیں گے حالات میں بہتری نہیں آ سکتی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو بانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تا کہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں